افغانستان ، قطر ، سوئزرلینڈ ، امریکہ اور میکسیکو کے قائدین سے بات چیت
نئی دہلی ۔ /29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی /4 جون سے پانچ قومی دورہ پر روانہ ہوں گے ۔ ان کے دورہ میں افغانستان ، قطر ، سوئزرلینڈ ، امریکہ اور میکسیکو کا احاطہ کیا جائے گا ۔ مودی اپنے دورہ کا آغاز افعانستان سے کریں گے جہاں وہ ہندوستان کی امداد سے تعمر کردہ سلمہ ڈیم کا افتتاح کریں گے جس کو 1400 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے ۔ افغانستان سے وہ توانائی کی دولت سے مالا مال قطر جائیں گے وہاں سے سوئزرلینڈ پہونچیں گے ۔ توانائی کی دولت سے مالا مال قطر کا دو روزہ دورہ کرتے ہوئے نریندر مودی امیر قطر شیخ تمیم بن حماد ال تھائی سے باہمی مسائل پر وسیع تر بات چیت کریں گے ۔ ان کی بات چیت میں معاشی تعلقات کو فروغ دینے خاص کر ہیڈروکاربن شعبہ میں تعلقات کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی ۔ سوئزرلینڈ میں وزیراعظم مودی سوئزرلینڈ میں ہندوستان کے کالے دھن کے اکاؤنٹس کا پتہ چلانے میں تعاون کی خواہش کریں گے ۔ مودی توقع ہے کہ سوئزرلینڈ کے صدر سے کالے دھن کا پتہ چلانے میں مدد کرنے کے بارے میں بات چیت کریں گے ۔ انہوں نے 2014 ء کے لوک سبھا انتخابات کے دوران عوام سے وعدہ کیا تھا کہ وہ کالے دھن کو ہندوستان لائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق دونوں ملکوں کے عہدیداروں نے کالے دھن کے بارے میں تحقیقات کی تیاری کی ہے ۔ ٹیکس چوری سے مربوط معلومات کا از خود تبادلہ عمل میں لانے کے لئے ایک میکانزم کو قطعیت دی جارہی ہے ۔ حکومت سوئزرلینڈ نے /18 مئی کو ایک آرڈيننس پر مشاورت کا آغاز کیا تھا ۔ سوئزرلینڈ کے بعد وزیراعظم نریندر مودی /7 جون کو امریکہ کا دورہ کریں گے اور صدر بارک اوباما کی دعوت پر وہ امریکہ پہونچ رہے ہیں جہاں ڈیفنس ، سکیورٹی اور توانائی کے شعبوں میں پیشرفت پر زور دیا جائے گا ۔ اپنے قیام کے دوران امریکی کانگریس کے مشترکہ سیشن سے خطاب کریں گے ۔ اپنی واپسی کے دوران وہ میکسیکو کا دورہ کریں گے جہاں ہندوستان کو تجارت اور سرمایہ کاری معاہدوں میں دلچسپی ہے ۔
گزشتہ سال ستمبر میں اپنے دورہ نیویارک کے دورران نریندر مودی نے صدر میکسیکو ہبینا نانیٹو سے بات چیت کی تھی ۔