وزیراعظم کا آج دورۂ گورکھپور ، مزار کبیر پر حاضری

صوفی سنت کی مزار پر چادرکی پیشکشی ، جلسہ عام سے خطاب متوقع
گورکھپور ؍ نئی دہلی ۔ 27 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی یہاں ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے اور اُترپردیش کے مقام ماگھر میں ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ صوفی سنت و شاعر کبیرداس کی 500 ویں برسی کے موقع پر یہ سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے ۔ نئی دہلی میں جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم صوفی کبیر داس کے مزار پر چادر پیش کریںگے ۔ وہ سنت کبیر کے مقبرہ کا دورہ کرتے ہوئے وہاں پر نصب کردہ ایک تختی کی رسم اجراء انجام دیں گے ۔ اس کے بعد وہ کبیر اکیڈیمی کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے ۔ اس اکیڈیمی کے ذریعہ کبیرداس کی عظیم تعلیمات اور فلسفیانہ خیالات کو روشناس کیا جائے گا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات ‘ میں اتوار کو خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پندرھویں صدی کے شاعر سنت کبیرداس کی خدمات ہمارے لئے باعث افتخار ہیں۔ کبیرداس نے ماگھر مقام کو ہی اپنی آخری سکونت کا مرکز بنالیا تھا ۔ یہ عام ایقان تھا کہ وہاں جو کوئی وفات پاتا ہے وہ جنت میں نہیں جائے گا اس ایقان کو غلط ثابت کرنے کیلئے آپ نے اس مقام کو منتخب کیا ۔ گورکھپور میں 2014 ء کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے یہ پیام دیا تھا کہ کبیرداس کے دوہے کے مطابق وہ اس مقام پر ایک یادگار تعمیر کریں گے ۔