بیجنگ ۔ یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم ہند نریندر مودی نے آج اپنے چینی ہم منصب لی کیڈ یانگ کو اُن کی 60 ویں یوم پیدائش پر مبارکباد دی۔ اپنے ویلبو اکاؤنٹ میں نریندر مودی نے مبارکبادی کا پیغام پوسٹ کیا جس میں اُنھوں نے لی کیڈ یانگ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ (مودی) اُن کی طویل زندگی کی دعا کرتے ہیں اور ہمیشہ اُس ملاقات کو یاد کرتے ہیں جو جاریہ سال مئی میں ہوئی تھی۔ چینی سوشیل میڈیا ویلبو میں نریندر مودی نے اپنا اکاؤنٹ چین کے دورہ سے کچھ روز قبل ہی شروع کیا تھا۔ صدر چین ژی جنگ پنگ کے بعد کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) میں وزیراعظم کیڈ یانگ اعلیٰ سطحی قائدین میں دوسرے نمبر پر ہیں جو فی الحال بیلجیم اور فرانس کے دورہ پر ہیں۔ مئی میں اپنے دورہ کے دوران نریندر مودی نے ژی اور لی دونوں سے بات چیت کی تھی۔