وزیراعظم چین کا دورہ برطانیہ سفارتی تعلقات کا انجماد دور کرنے کی کوشش

بیجنگ ۔ 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) تبت سے متعلق مسائل پر برطانیہ کے ساتھ سفارتی تعلقات کا انجماد دور کرنے کیلئے وزیراعظم چین لی آئندہ ہفتہ برطانیہ کا دورہ کریں گے۔ وہ پیر کے دن بیجنگ سے روانہ ہوں گے۔ لندن کا دورہ کرنے والے وہ اولین وزیراعظم چین ہوں گے۔ قبل ازیں ان کے پیشرو وین جیاباو نے 2011ء میں برطانیہ کا دورہ کیا تھا اور ان سے پہلے صدر ہوجنتاؤ نے 2008ء میں برطانیہ کا دورہ کیا تھا جبکہ تبت کے مسئلہ سے نمٹنے کے چین کے طریقہ کے خلاف ان کی آمد پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے تھے۔ چین نے برطانیہ کے ساتھ سفارتی تعلقات میں کیمرون ۔ دلائی ملاقات کے بعد کشیدگی پیدا کردی تھی۔ چین کی خصوصیت ہیکہ تبت کے جلاوطن مذہبی رہنما کو جلاوطن سیاسی قائد سمجھا جاتا ہے جو مخالف چین علحدگی پسند سرگرمیوں کی مذہب کے نام پر سرپرستی کررہے ہیں۔ دونوں فریقین نے تاہم کیمرون کے دورہ چین کے بعد باہمی تعلقات کی کشیدگی دور کرلی ہے۔ برطانیہ تباہ حال معیشت کو لی کے دورہ کے بعد چین سے سرمایہ کاری حاصل ہونے کی توقع ہے۔ وزیراعظم چین لی برسراقتدار چینی کمیونسٹ پارٹی کے اعلیٰ عہدیدار بھی ہیں جن کا دورہ برطانیہ 16 تا 21 جون جاری رہے گا۔