وزیراعظم پر ملک کو ہندوراشٹر میں تبدیل کرنے کا الزام

اپوزیشن کا صفایا کرنے کی بھی کوشش ، وی ہنمنت راؤ کانگریس لیڈر کا بیان
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : سکریٹری اے آئی سی سی و سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے ملک کو ہندو راشٹر میں تبدیل کرنے کے لیے اپوزیشن کا صفایا کرنے کی کوشش کرنے کا وزیراعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا ۔ اس خفیہ ایجنڈے کے خلاف ملک بھر میں مہم شروع کرنے حیدرآباد میں منعقد کئے جانے والے جلسہ عام میں آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو کو مدعو کرنے کا اعلان کیا ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کا ریمورٹ کنٹرول ناگپور میں ہے ۔ آر ایس ایس کے خفیہ ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے نریندر مودی ملک کو ہندو راشٹر میں تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ چیف منسٹر کے علاوہ دستوری عہدوں پر سنگھ پریوار سے تعلق رکھنے والوں کو مامور کرتے ہوئے ملک کے سیکولرازم کو سبوتاج کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ بی جے پی نے اپنی اس سازش میں چیف منسٹر بہار نتیش کمار کو بھی شامل کرلیا ہے ۔ بہار کے عوام نے فرقہ پرستی کے خلاف کانگریس ، آر جے ڈی اور جے ڈی یو کے عظیم اتحاد کو کامیاب بنایا ہے ۔ لیکن نتیش کمار نے عوامی رائے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بہار کو بی جے پی کی جھولی میں ڈال دیا ہے ۔ ملک میں کانگریس واحد قومی و سیکولر جماعت ہے جو فرقہ پرستی کے سامنے ہمالیائی چٹان بنی ہوئی ہے ۔ ملک کے نازک دور میں بھی صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی ہم خیال 17 جماعتوں کو ساتھ لے کر فرقہ پرستی کا مقابلہ کررہی ہے ۔ بی جے پی اور ہندوتوا طاقتیں کانگریس سے پاک ہندوستان بنانے کے لیے اقتدار اور سرکاری مشنری کا بیجا استعمال کررہی ہیں ۔ گوا اور منی پور کے انتخابات میں کانگریس کو سب سے بڑی جماعت ابھرنے کا موقع ملنے کے باوجود ان ریاستوں کے گورنرس نے کانگریس کے بجائے بی جے پی کو حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی ہے ۔ دو ریاستوں میں خرید و فروخت کے ذریعہ کانگریس کو اقتدار سے محروم کردیا گیا ۔ گجرات میں صدر کانگریس سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر احمد پٹیل کو راجیہ سبھا کے انتخابات میں شکست دینے کے لیے کانگریس کے ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ بی جے پی کی ان سازشوں کے خلاف وہ ملک بھر میں تحریک شروع کریں گے اور حیدرآباد میں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں سابق چیف منسٹر و آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو کو مدعو کریں گے ۔ سکریٹری اے آئی سی سی نے ڈگ وجئے سنگھ کے خلاف ہائی کمان سے شکایت کرنے والوں سے اپنی لا علمی کا اظہار کیا اور کہا کہ آر سی کنٹیا اہل ہے یا نہیں 6 ماہ میں اس کا اندازہ ہوجائے گا ۔۔