وزیراعظم نواز شریف اور وزیرداخلہ میں اختلافات؟

اسلام آباد ۔ 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان نواز شریف کے ملک کے طاقتور وزیرداخلہ نثار علی خان سے فوج کے چند میڈیا گروپ اور طالبان کے ساتھ مذاکرات کے سلسلہ میں اختلافات پیدا ہوچکے ہیں۔ روزنامہ ڈان کی خبر کے بموجب چودھری نثار علی خان نے ہفتہ وار پریس کانفرنس کا سلسلہ بھی ترک کردیا ہے اور آج کل ٹی وی کے اسکرین پر بھی نظر نہیں آرہے ہیں۔ کراچی ایرپورٹ پر حملہ کی رات میں بھی انہیں ٹی وی چینلس پر نہیں دیکھا گیا۔ انہوں نے نواز شریف کے ساتھ پارلیمنٹ کے اجلاسوں میں رہنا بھی ترک کردیا ہے اور پارلیمانی سرگرمیاں بھی بند کرچکے ہیں۔ بجٹ کی پیشکشی کے دن بھی وہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک نہیں تھے۔

اس کے بعد بھی وزیراعظم نواز شریف دو مرتبہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں آئے لیکن دونوں مرتبہ نثار علی خان ان کے ساتھ نہیں تھے حالانکہ قبل ازیں وہ ہمیشہ وزیراعظم کے ساتھ پارلیمنٹ آیا کرتے تھے۔ نواز مسلم لیگ کے چند قائدین نے کہا کہ نواز شریف کے طریقہ کار کی وجہ سے پارٹی کے کئی اہم قائدین بشمول چودھری نثار علی خان نے ان سے دوری اختیار کرلی ہے۔ بجٹ اجلاس کے ساتھ سینئر قیادت اور وزیراعظم نواز شریف کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔ انہوں نے بجٹ کے بارے میں قیادت کو پیشگی کوئی اطلاع فراہم نہیں کی تھی۔ چودھری نثار علی خان وزیرفینانس اسحق ڈار جو نواز شریف کے رشتہ دار بھی ہیں، ان سے دور ہوگئے ہیں۔ پارٹی کے ایک اور قائد نے کہا کہ وزیرداخلہ وزیراعظم کے جیو ٹی وی اور فوجی انتظامیہ کے تنازعہ سے غلط انداز میں نمٹنے کی وجہ سے پارٹی قیادت ان سے خوش نہیں ہے۔