کٹھمنڈو۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نیپال نے آج کہاکہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ نیپال کا منتظر ہے اور چاہتا ہیکہ ہندوستان اس کی بھرپور حمایت کرے اور توقع رکھتا ہیکہ دونوں ممالک تجارت اور معاشی ترقی میں اضافہ کیلئے باہم تعاون کرسکتے ہیں۔ نیپال وزیرتجارت سشیل کمار تھاپا نے پی ٹی آئی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں ہندوستان اور نیپال دونوں ممالک کی معاشی ترقی میں ایک دوسرے کی مدد کرسکتے اور باہم تعاون کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مودی کے دورہ کے موقع پر توقع ہیکہ مفاہمت کی یازیادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔
مودی 3 اگست کو دو روزہ دورہ پر وزیراعظم نیپال سشیل کوئرالا کی دعوت پر کٹھمنڈو پہنچیں گے۔ وزیراعظم نیپال شخصی طور پر صیانتی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ان کے ساتھ ہندوستانی کمانڈوس کی ایک ٹیم بھی ہے جو تیاریوں کا جائزہ لے رہی ہے۔ حکومت نیپال نے اس موقع پر صیانتی اداروں سے ربط پیدا کرکے سفارتی انتظامات میں شدت پیدا کردی ہے۔ وزیراعظم نیپال سشیل کوئرالا نے آج تمام 31 سیاسی پارٹیوں کے قائدین سے ملاقات کرکے اہم مسائل پر بشمول برقی توانائی کی تجارت کے معاہدے پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس کے دوران وزیرخارجہ نیپال مہندر پانڈے نے مختلف سیاسی پارٹیوں کے قائدین کو مودی کے دو روزہ دورہ کی تیاریوں کی تفصیلات سے واقف کروایا۔