وزیراعظم نریندر مودی کو ختم کرنے ٹیلیفون بات چیت کی تحقیقات

کوئمبتور بم دھماکوں کے سابق سزا یافتہ سے پولیس کی پوچھ گچھ
کوئمبتور۔ 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے کہا کہ وہ وزیراعظم کو ختم کرنے کی ٹیلی فون بات چیت کی تحقیقات کررہی ہیں۔ 1998ء سلسلہ وار بم دھماکوں کے سزا یافتہ شخص کی جانب سے ایک کنٹراکٹر کو کئے گئے فون اور اس بات چیت کے ریکارڈ کا جائزہ لیا ہے جس میں اس شخص نے وزیراعظم نریندر مودی کو ہلاک کرنے سے متعلق اپنے منصوبہ کا ذکر کیا تھا تاہم ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ محمد رفیق نے شاید ٹرانسپورٹ کنٹراکٹر پرکاش کو ڈرانے کی غرض سے یہ بات کہی تھی۔ محمد رفیق کو ایک ریکارڈ شدہ ٹیلیفونی بات چیت کے سوشیل میڈیا پر عام ہوجانے کے بعد کل رات حراست میں لیا گیا اور ان کے خلاف تعزیراتِ ہند کی دفعہ 506(1) کے تحت کیس درج کیا گیا۔ اگرچیکہ اس بات چیت میں وزیراعظم کا نام لیا گیا لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ رفیق نے یہ بات بظاہر اس کنٹراکٹر کو خوف زدہ کرنے کیلئے کہی تھی اور اس کا مطلب مودی کے خلاف کوئی منصوبہ بنانا نہیں تھا۔ اس سلسلے میں تحقیقات جاری رہیں گی۔ 8 منٹ طویل بات چیت میں جو سوشیل میڈیا پر گشت ہوئی ہے، رفیق نامی یہ شخص شہر کے کنیا متھرا مقام کا رہنے والا ہے جوکہ 1998ء کوئمبتور دھماکہ کیس میں جیل کی سزا کاٹ چکا ہے۔ یہ فون پر ہوئی بات چیت دراصل موٹر گاڑیوں کے لئے فینانس سے متعلق تھی لیکن بات چیت کے دوران اچانک محمد رفیق نے کہا کہ ’’ہم نے مودی کو ختم کردینے کا فیصلہ کیا ہے‘‘۔