یو اے ای اور عمان کا بھی دورہ شامل ، باہمی مفادات پر تبادلہ خیال
نئی دہلی ۔ 27 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وزیراعظم نریندر مودی 9 فروری سے فلسطین ، عمان اور یو اے ای کا دورہ کریں گے ۔ اس دورہ کے دوران وہ ان ملکوں میں قیادت سے بات چیت کریں گے ۔ باہمی مفادات کے امور پر تبادلہ خیال ہوگا ۔ وزارت خارجہ کے ایک بیان میں یہ بات بتائی گئی ۔ وزارت کی جانب سے جاری کردہ ریلیز میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم ہند کا فلسطین کو پہلا دورہ ہوگا اور مودی کا یو اے ای کو یہ دوسرا دورہ ہوگا جب کہ وہ عمان کو پہلی مرتبہ جائیں گے ۔ دورہ کے دوران وزیراعظم ان ملکوں کے قائدین کے ساتھ باہمی مفاد کے معاملوں پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ اور دیگر تقاریب میں شرکت کریں گے ۔ فلسطین کے دورہ کے دوران وزیراعظم فلسطین صدر محمود عباس سے ملاقات کریں گے جنہوں نے گذشتہ مئی میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا ۔ جس وقت وزیراعظم مودی نے محمود عباس کو تیقن دیا تھا کہ ہندوستان فلسطین کاز کے لیے اپنی تائید کو برقرار رکھے گا ۔ وزیراعظم مودی کا یہ دورہ غیر معمولی طور پر وزیراعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو کے دورہ ہند کے ایک ماہ کے اندر ہی ہورہا ہے ۔ دونوں قائدین نے فلسطین کے مسئلہ پر بھی بات چیت کی تھی ۔۔