وزیراعظم مودی کے مصروف ترین دورہ تلنگانہ کی توثیق

کریم نگر ‘ عادل آباد‘ ورنگل میں پروگرامس‘ گجویل میں جلسہ عام
حیدرآباد ۔25 جولائی ( سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ ریاست تلنگانہ کے پروگرام کو قطعیت دی گئی ۔ بتایا جاتا ہیکہ 7 اگست کو ایک بجے دن وزیراعظم مودی خصوصی طیارہ کے ذریعہ بیگم پیٹ ایئرپورٹ پہنچیں گے  اور پھر دوپہر ٹھیک ایک بجکر 45منٹ پر وزیراعظم خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ راما گنڈم پہنچیں گے ۔ وہاں پہنچنے کے بعد تھرمل پاؤر پلانٹ اور ایف سی آئی کیلئے سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ بعدازاں دوپہر دو بجکر 25 منٹ پر وہ ضلع عادل آباد کے جے ٹور پہنچیں گے ‘ جہاں تھرمل پاؤر پلانٹ کو قوم کے نام معنون کریں گے ۔ وزیراعظم سہ پہر تین بجکر دس منٹ پر ورنگل پہنچیں گے اور وہاں پر کاکتیہ ٹکسٹائلس پارک کے علاوہ کالوجی ہیلت یونیورسٹی کیلئے سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ بعدازاں وزیراعظم مودی مشن کاکتیہ پیلان کا پرچم کشائی انجام دیں گے اور پھر چار بجکر 10منٹ پر وہ گجویل پہنچیں گے اور پھر منوہر آباد ۔ کوتہ پلی ریلوے لائن کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ بعدازاں مسٹر نریندر مودی وزیراعظم گجویل میں منعقد کئے جانے والے جلسہ عام میں شرکت کر کے عوام سے خطاب کریں گے اور پھر شام چھ بجے وزیراعظم دہلی کیلئے روانہ ہوجائیں گے ۔