وزیراعظم مودی کے دورہ اسرائیل کے بعد ،یہودیوں کو اقلیتی موقف کی اُمید

نئی دہلی ۔ 2جولائی ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی چھوٹی سی برادری یہودی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ اسرائیل کے منتظر ہیں ۔ مودی ہندوستان کے اولین وزیراعظم ہیں جو اسرائیل کا دورہ کرنے والے ہیں ۔ یہودی برادری کو اُمید ہے کہ ان کے دورہ کے نتیجہ میں انہیں ہندوستان میں اقلیت کا موقف حاصل ہوجائے گا ۔ ہندوستان میں تقریباً 6ہزار یہودی قیام پذیر ہیں اور گذشتہ 2000سال سے ہندوستان میں ہی سکونت اختیار کئے ہوئے ہیں ۔ یہودی برادری مغربی بنگال ‘ مہاراشٹرا ‘ کیرالا اور گجرات کے علاوہ دہلی کے مختلف شہروں اور علاقوں میں مقیم ہے ۔اس برادری کا کہنا ہے کہ انہیں کبھی بھی ہندوستان میں ان کے مذہب کی بناء پر تعصب کا سامنا نہیں کرنا پڑا ۔ انہیں توقع ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کے 4جولائی کو دورہ اسرائیل کے بعد انہیں ہندوستان میں اقلیت کا موقف حاصل ہوجائے گا ۔