کھٹمنڈو ۔ 10 مئی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نیپال وزیراعظم ہند نریندر مودی کا خیرمقدم کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے جو دو روزہ سرکاری دورہ پر کل اس ملک کو پہنچیں گے جس کے دوران وہ نیپال کے اعلیٰ سطحی قائدین کے ساتھ بات چیت کریں گے جس میں ہندوستان کی معاونت سے اہم پراجکٹس کو روبہ عمل لانے اور باہمی اعتماد پر توجہ مبذول کی جائے گی۔ یہ وزیراعظم نریندر مودی کا تیسرا دورہ نیپال ہوگا اور نیپال میں نئی حکومت کے قیام کے بعد ہندوستان سے اعلیٰ سطح کا پہلا دورہ ہوگا۔ مودی ان کے اس دورہ کا آغاز کل صبح تاریخی شہر جنکیور سے کریں گے۔