وزیراعظم مودی کا آج سے اولین دورۂ بنگلہ دیش، ڈھاکہ میں جشن کا ماحول

ڈھاکہ، 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش پڑوسی وزیر اعظم ہند نریندر مودی کے استقبال کیلئے سرخ قالین بچھانے کی تیاری کر رہا ہے۔ وہ اپنے بنگلہ دیش کے اولین دورہ پر کل یہاں پہنچیں گے۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو ایک نئی سطح پر پہنچادیں گے اور معاشی و تجارتی تعلقات کو انتہائی بلندی تک لے جائیں گے۔ مودی کے دو روزہ دورۂ کیلئے بنگلہ دارالحکومت ڈھاکہ میں جشن جیسا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ سڑکوں کو مودی اور مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی کے علاوہ میزبان وزیر اعظم شیخ حسینہ کے قد آدم کٹ آؤٹس سے سجایا گیا ہے۔ ممتا بنرجی جو آج رات یہاں پہنچ گئیں، وہ کولکاتا ۔ ڈھاکہ۔ اگرتلہ بس سرویس کو جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گی۔ اور دیگر پروگراموں میں شریک ہوں گی۔ بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب الرحمن اور سابق وزیر اعظم ہند اندرا گاندھی کے قد آدم کٹ آؤٹس بھی سڑکوں پر دیکھے گئے ہیں۔ یہ دونوں ممالک کے درمیان قدیم تعلقات کی علامت ہیں اور بنگلہ دیش کی 1971ء کی جنگ آزادی میں ہندوستان کے کردار کا اعتراف ہیں۔ عوامی لیگ کے رکن پارلیمنٹ محمد منیر الاسلام نے کہا کہ درحقیقت ہم وزیر اعظم مودی کے دورہ پر پُرجوش ہیں، ہمیں یقین ہے کہ ایل بی اے (زمینی سرحد معاہدہ) اور کولکاتا۔ ڈھاکہ۔ اگرتلہ بس خدمات نئی راہیں کھولیں گے اور باہمی تعلقات کو مستحکم کریں گے۔ منیر الاسلام نے کہا کہ طاقتور باہمی تعلقات سے جنگ آزادی کے دوران بھی ہمیں مدد ملی تھی اور امید ہے کہ اب دہشت گردی اور بنیاد پرستی کے خلاف جنگ میں بھی مددگار ثابت ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ ہم یہ کبھی نہیں بھول سکتے کہ ہندوستان نے ہماری جنگ آزادی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہم اور عوامی لیگ کی حکومت ہمیشہ ہندوستانی حکومت سے دوستانہ تعلقات قائم رکھنے کی خواہاں ہے، کیونکہ ہندوستان بنگلہ دیش کا سب سے بڑا دوست ہے۔