’ اوباما ‘ کا مطلب کیا ہے… وہ شخص جس پر خدا کی مہربانی ہو۔ وزیر اعظم مودی نے یہ بات اپنے ریڈیو شو ’ من کی بات ‘ کی امریکی صدر اوباما کے ساتھ مشترک میزبانی کے دوران کہی۔ انہوں نے بتایا کہ بعض لوگ تعجب کرتے ہیں کہ اوباما کے معنی کیا ہوں گے۔ سواہیلی زبان میں جو براعظم آفریقہ کے حصوں میں بولی جاتی ہے، براک کا مطلب ایسا شخص جس پر خدا کی مہربانی ہو۔ میرا ماننا ہے کہ ایسے نام کے ساتھ اُن کی فیملی نے انہیں بڑا تحفہ دیا ہے۔ جب ایک سوال کنندہ نے اوباما اور مودی دونوں سے دریافت کیا کہ آیا انہوں نے ان عہدوں تک پہنچنے کا قیاس کیا تھا جہاں تک وہ پہنچے ہیں، امریکی صدر نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی طرح جب وہ پہلی بار وائیٹ ہاوس پہنچے، وہ بھی آہنی باڑ کے قریب کھڑے تھے۔ یہی بات میرے لئے بھی درست ہے جب میں پہلی بار وائیٹ ہاوس گیا تو میں وہی آہنی باڑ کے باہر کھڑا تھا اور اندر دیکھ رہا تھا۔ تب مجھے بلاشبہ یقین نہیں تھا کہ کبھی میں اندر بھی جاؤں گا، وہاں رہنا تو میرے لئے بہت بڑی بات تھی۔ میرے خیال میں ہم دونوں کو غیر معمولی موقع عطا ہوا ہے جبکہ ہم نسبتاً معمولی پس منظر کے حامل ہیں۔
اوباما کی زندگی دیگر کیلئے تحریک ، مودی کا تاثر
نئی دہلی۔/27جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر براک اوباما کی زندگی اس لحاظ سے ایک تحریک ہے جس طرح انہوں نے اپنی بیٹیوں کی پرورش کی ہے، وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہ بات کہی۔ مودی نے اوباما کے ساتھ ’ من کی بات ‘ ریڈیو پروگرام کی مشترک میزبانی کرتے ہوئے جذباتی انداز اختیار کیا اور کہا کہ اوباما کی زندگی بجائے خود ایک تحریک ہے۔ جس طرح انہوں نے بیٹیوں کو پروان چڑھایا ہے اور جس طرح وہ اپنی دونوں بیٹیوں پر فخر کرتے ہیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ ہندوستان میں جنس کے تناسب کے وجہ سے کافی فکرمندی پائی جاتی ہے۔ ہر ایک ہزار لڑکوں کیلئے لڑکیوں کی تعداد کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی بڑی وجہ لڑکوں اور لڑکیوں کے تئیں ہمارے رویہ میں خامی پائی جاتی ہے۔