وزیراعظم مودی نے لٹیروں کے خلاف سخت کارروائی کی

مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کا بی جے پی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب

گوالیار ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر مختارعباس نقوی نے آج کہا کہ مدھیہ پردیش جس نے وزیراعظم نریندر مودی کو ’’لٹیروں کے ٹولے‘‘ کے خلاف کارروائی سے روک دیا اور دہشت گردی پر کامیابی کے ساتھ قابو پایا۔ وہاں انتخابات کے بعد بھی وزیراعظم مودی نے ترقیاتی ایجنڈہ کی وجہ سے جو بے تعصب ہے، اپنا قبضہ برقرار رکھیں گے۔ مرکزی وزیراقلیتی امور نے کہا کہ بی جے پی دوبارہ برسراقتدار آئے گی کیونکہ مودی نے اس بات کو یقینی بنایا ہیکہ درمیانی آدمی کا عمل دخل اور بدعنوانیوں پر قابو پایا جائے۔ مودی نے لٹیروں کے ٹولے کے خلاف سخت کارروائی کی۔ عوامی رقم کا ہر پیسہ غریبوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا گیا۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کی پالیسی ترقی بلاامتیاز ہے۔ انہوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ سماج کا ہر طبقہ ترقی کے عمل میں مساوی شراکت دار ہو۔ مودی حکومت نے جو فلاحی کام کئے ہیں، وہ کانگریس حکومتوں کے دوراقتدار میں کبھی نہیں ہوئے۔ صیانتی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے قومی صیانت اور دہشت گردی کے ساتھ لاپرواہی کا رویہ اختیار کیا تھا۔ 2014ء میں بی جے پی کے برسراقتدار آنے کے بعد یہ رویہ تبدیل ہوگیا۔ ملک کے کسی نہ کسی حصہ میں سینکڑوں بے قصور عوام ہر ماہ قتل کئے جاتے تھے لیکن یہ اب صرف چند مقامات جیسے وادی کشمیر کی حد تک محدود ہوکر رہ گئی ہیں۔