وزیراعظم مودی مستعفی ہوجائیں ، کانگریس کا ردعمل

نئی دہلی ، 27 جون(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج وزیراعظم نریندر مودی سے کہا کہ انہیں فوری استعفیٰ دینا چاہئے کیونکہ وہ ایک وزیراعلیٰ کے بشمول چار خاتون وزراء کے استعفے حاصل کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں ۔ ملک کا وزیراعظم جب بے بس ہوجاتا ہے تو وہ اقتدار کا اہل نہیں ہوتا ۔ بی جے پی کی چار خاتون وزراء نے مبینہ طور پر بدعنوانیوں کا ارتکاب کیا ہے ۔ کانگریس کے ترجمان راج ببر نے کہا کہ اگر وزیراعظم ان خواتین کے استعفے لینے سے قاصر اور کوئی کارروائی کرنے سے بے بس ہیں تو انہیں از خود مستعفی ہونا چاہئے۔ انہیں عوام سے اپنی ناکامیوں کیلئے معذرت خواہی کرتے ہوئے یہ واضح کرنا چاہئے کہ وہ رشوت ستانی پر قابو پانے میں ناکام رہے ہیں۔ وزیراعظم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کانگریس ترجمان نے کہا کہ مودی ان تنازعات کے درمیان خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔چار خواتین بھی گونگی ہوگئی ہیں جبکہ وزیراعظم خود کو شعلہ بیان لیڈر سمجھتے تھے ۔ اب ان کی بولتی بند نظر آتی ہے ۔ کانگریس نے بی جے پی کے چار خاتون وزراء وسندھرا راجے (چیف منسٹر راجستھان)، سشما سواراج ، سمرتی ایرانی (دونوں مرکزی وزراء) اور پنکنج مونڈے (مہاراشٹرا کی وزیر) کو نشانہ بنایا اور کہا کہ انہیں اقتدار پر رہنے کا اخلاقی حق نہیں۔