صدر فرانس کا بیان فرنکولس ہولینڈے کے دعویٰ کی نفی نہیں کرتا: جئے پال ریڈی
نئی دہلی 27 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر جئے پال ریڈی نے آج الزام عائد کیاکہ صدر فرانس ایموئیل میکرون نے اپنے سابق ہم منصب فرنکوس ہولینڈے کے دعوے کی نفی نہیں کی ہے۔ رافیل معاہدہ پر ان کا بیان غیر متضاد ہے۔ ہندوستان کے ساتھ کئے گئے رافیل معاہدہ پر سابق صدر فرانس نے بیان دیا تھا کہ انیل امبانی کی کمپنی کو منتخب کرنے کے لئے ہندوستان کی حکومت نے ہی زور دیا تھا۔ اس پر صدر فرانس نے جو کچھ کہا وہ غیر متضاد ہے۔ جئے پال ریڈی نے کہاکہ رافیل معاہدہ اسکام ہوا ہے اور وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت حکومت اس اسکام میں ملوث ہے۔ فرانس کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات خوشگوار ہیں اور جب سابق صدر فرانس نے کچھ کہا ہے تو اس ملک کو سدھار لاتے ہوئے کچھ نوٹس لینے کی ضرورت ہے۔ جئے پال ریڈی نے دعویٰ کیاکہ وزیراعظم مودی جھوٹ اور سچ کے درمیان ایک سینڈوچ بنے ہوئے ہیں بلکہ وہ بین الاقوامی انکشافات اور داخلی دباؤ کے درمیان پھنس چکے ہیں۔ انھوں نے الزام عائد کیاکہ انیل امبانی کی کمپنی کو یہ معاہدہ حکومت ہند کے دباؤ کی وجہ سے ملا تھا اس لئے فرانس کیلئے ان کے انتخاب کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔