وزیراعظم فرقہ وارانہ کشیدگی بڑھانے کے مرتکب

دوردرشن کا انتخابی مقاصد کیلئے استعمال ، سی پی آئی (ایم) کی الیکشن کمیشن سے شکایت
نئی دہلی 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی (ایم) نے الیکشن کمیشن سے رجوع ہوتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی پر ملک میں فرقہ وارانہ جذبات بھڑکانے کی کوشش اور نیشنل براڈ کاسٹر دوردرشن کا انتخابی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کا الزام عائد کیا۔ سی پی ایم پولیٹ بیورو ممبر نیلوتپل باسو نے چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ کو ایک مکتوب میں بی جے پی کے خلاف متعدد شکایتوں کی فہرست پیش کی جو زعفرانی پارٹی کے قائدین کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق ہیں۔ اِس میں وزیراعظم کا گزشتہ ماہ قوم سے خطاب شامل ہے جب اُنھوں نے اینٹی سیٹلائیٹ میزائیل ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے لائیو سیٹلائیٹ کو ناکارہ بنانے کی ہندوستانی کامیابی کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعظم کی جانب سے ایک اور واضح کوشش تب ہوئی جب این آئی اے کورٹ کے فیصلہ کا حوالہ دیتے ہوئے فرقہ وارانہ جذبات بھڑکانے کی سعی کی گئی۔ اُنھوں نے وردھا کے انتخابی جلسہ عام میں ملزمین کا ساری ہندو برادری سے تقابل کیا۔ این آئی اے عدالت نے حال ہی میں سوامی اسیمانند اور تین دیگر ملزمین کو 2007 ء کے سمجھوتہ ٹرین بم دھماکہ کیس میں بری کردیا۔ اُس واقعہ میں جملہ 68 افراد ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تر پاکستانی تھے۔ کانگریس کو ہندو دہشت گردی کی اصطلاح پیدا کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیراعظم مودی نے پیر کو الزام عائد کیا تھا کہ اپوزیشن پارٹی امن پسند ہندوؤں کو دہشت گردی سے جوڑتے ہوئے اُن کی توہین کررہی ہے۔ باسو نے پی ایم کی جانب سے نیشنل براڈ کاسٹر کو ووٹروں سے اپیل کیلئے استعمال کرنے کا مسئلہ بھی اُٹھایا۔