موتیہاری۔29مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) موتیہاری ضلع کے اعلیٰ آفیسر کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی چمپارن ستیہ گرہ کی صد سالہ تقریب کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کیلئے 10اپریل کو بہار کے ضلع موتیہاری پہنچیں گے ۔ مشرقی چمپارن کے ضلع مجسٹریٹ رام کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہیکہ وزیراعظم وہاں ہر تقریباً 20,000 صفائی مہم کے امبیسیڈروں سے گاندھی میدان میں خطاب کریں گے ۔ یاد رہے کہ 20,000 صفائی مہم امبسیڈروں میں 10,000 کا تعلق بہار سے اور باقی دوسری ریاستوں سے تشریف لائیں گے ۔ اس ضمن میں خاص بات یہ ہے کہ بہار حکومت نے ایک سال پہلے اپریل 2017ء میں چمپارن میں گاندھی جی کے ستیہ گرہ تحریک کی صد سالہ تقریب کے انعقاد کا آغاز کیا تھا ۔ گاندھی جی نے برطانوی حکومت کے ذریعہ زراعت پر ہندوستانی کسانوں کو دیئے گئے حکم کی مخالفت کرتے ہوئے 1917ء میں برطانوی حکومت کے خلاف ستیہ گرہ تحریک کا آغاز کیا تھا ۔ ضلع مجسٹریٹ کے مطابق ستیہ گرہ کے پیغام کو باپو مہاتما گاندھی کے اعزاز میں پیش کیا جائے گا ۔ کمار کے مطابق اس تقریب کیلئے تمام وزرائے اعلیٰ اور سینئر اعلیٰ حکام کو مدعو کیا گیا ہے ۔