ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ، قائد اپوزیشن کے جاناریڈی کی مداخلت
حیدرآباد ۔ 16 ۔ مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی پی اجئے کمار نے ایوان اسمبلی میں فرش پر بیٹھ کر کارروائی میں رکاوٹ پیدا کردی ۔ وہ وزیر آبپاشی ہریش راؤ کی جانب سے ان کے خلاف کئے گئے ریمارک پر احتجاج کر رہے تھے، اگرچہ اسپیکر کے مشورہ پر ہریش راؤ نے وضاحت کردی، تاہم اجئے کمار مطمئن نہیں ہوئے اور انہوں نے چائے کے وقفہ کے بعد دوبارہ احتجاج کرتے ہوئے ایوان کی کارروائی روک دی۔ کانگریس کے ارکان ان کی تائید میں ایوان کے وسط میں پہنچ گئے ۔ اسپیکر کی بار بار اپیل کا جب کوئی اثر نہیں ہوا تو وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے وضاحت کی کہ انہوں نے اجئے کمار کے خلاف کوئی شخصی ریمارک نہیں کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اجئے کمار کا احترام کرتے ہیں، تاہم نئے رکن کی حیثیت سے مسائل کے بارے میں مکمل آگاہی نہ ہونے کی بات کہی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چونکہ اجئے کمار کے والد پی ناگیشور راؤ سی پی آئی میں رہ چکے ہیں۔ لہٰذا انہوں نے اجئے کمار کا تعلق سی پی آئی سے منسوب کیا۔ کانگریس کے رکن نے وضاحت کی کہ وہ کبھی بھی سی پی آئی میں نہیں رہے اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے انہوں نے مخالف تلنگانہ پالیسی کے سبب استعفیٰ دیکر شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے کٹر مخالفین کو آج ٹی آر ایس میں شامل کرلیا گیا ہے۔ وزیر آبپاشی کی وضاحت کے بعد قائد اپوزیشن جانا ریڈی نے کانگریسی رکن کو خاموشی اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔