نئی دہلی 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اپنا کام شروع کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج اپنے کابینی ساتھیوں سے کہاکہ وہ اپنا 100 دن کا پروگرام کارکرد حکمرانی کو مرکز توجہ بناتے ہوئے تیار کریں اور اِس پر عمل آوری کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ ملک کی ترقی کے لئے ریاستوں کی ترقی اہمیت رکھتی ہے۔ اُنھوں نے مجلس وزراء کو ہدایت دی کہ ریاستی حکومت اور ریاستوں کے ارکان پارلیمنٹ کے پیش کردہ مسائل کو ترجیح دیں۔ یہ ہدایات کابینہ کے ایک اجلاس میں وزیراعظم مودی نے 10 نکاتی پروگرام کے پیش نظر جاری کیں جس میں سرمایہ کاری میں اضافہ، تعین مدت کے ساتھ انفراسٹرکچر پراجکٹس کی تکمیل، قدرتی وسائل سے ملک کو فائدہ پہنچانے کے لئے استفادہ شامل ہیں۔ ملک گیر سطح پر اسی قسم کا پیغام دینے کے مقصد سے امکان ہے کہ مودی قوم سے خطاب بھی کریں گے۔ امکان ہے کہ یہ خطاب پارلیمنٹ کے مختصر سے اجلاس کے بعد کیا جائے گا جو 4 جون سے 11 جون تک مقرر ہے۔ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی حکومت کے پروگرام کا خاکہ پیش کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔
وزیراعظم نے کابینہ کے اجلاس میں وزراء کے لئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے اور وزراء کو ہدایت دی کہ پہلے 100 دن کی ترجیحات کا تعین کرتے ہوئے اپنا پروگرام تیار کریں۔ مرکزی وزیر برائے پارلیمانی اُمور ایم وینکیا نائیڈو نے کہاکہ مودی نے کہاکہ انتہائی اہم پہلو یہ ہے کہ کارکرد حکمرانی نتیجہ خیز اسکیموں اور پروگراموں پر عمل آوری ہے۔ نائیڈو نے کابینی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اِن پہلوؤں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر ان تمام مسائل کی یکسوئی کرے گی جو سابقہ حکومت کے دور میں زیرالتواء تھے۔ اُنھوں نے کابینی وزراء سے خواہش کی کہ وزرائے مملکت کو ساتھ لے کر کام کریں تاکہ مناسب انداز میں کام ہوسکے اور وزرائے مملکت کو بھی شراکت داری کا احساس ہو۔ وزیراعظم نے لائحہ عمل کا خاکہ پیش کیا جس کے تحت وزراء کو 100 دن کا پروگرام طے کرنا ہوگا اور اِس پروگرام پر عمل آوری کی ہرممکن کوشش کی جائے گی۔ مودی نے اپنے کابینی ساتھیوں سے کہاکہ دو دن میں دوسرا اجلاس منعقد کیا جائے گا جو باقاعدہ اجلاس ہوگا اور اُس میں ہر وزارت کے معتمدین بھی شامل ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وینکیا نائیڈو نے کہاکہ قیمتوں میں اضافہ، زراعت اور خواتین کا تحفظ فطری طور پر حکومت کی اوّلین ترجیح ہوگی۔ بی جے پی زیرقیادت حکومت اِن مسائل پر توجہ مرکوز کرے گی۔ عوام کو نئی حکومت سے بہت سی توقعات ہیں۔ مختلف شعبوں کی مختلف ترجیحات ہیں اور ہر شعبہ اہمیت رکھتا ہے۔ نریندر مودی ریاستوں کے اُٹھائے ہوئے مسائل پر زیادہ زور دے رہے ہیں تاکہ ’’وفاقیت کا حقیقی جذبہ‘‘ قائم رکھا جاسکے۔ وینکیا نائیڈو نے وضاحت کی کہ چونکہ نریندر مودی گجرات کے چیف منسٹر رہ چکے ہیں، ریاست کے لئے کام کرچکے ہیں، اِس لئے وہ وفاقی ڈھانچہ کی اہمیت کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اور اِسی لئے اِس بارے میں معیاروں کی برقراری کے لئے ہدایات جاری کرچکے ہیں۔