وزراء کو اشتعال انگیز ریمارک سے گریز کا مشورہ

حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وزراء کو مشورہ دیا کہ وہ ارکان کے خلاف اشتعال انگیز ریمارک سے گریز کریں۔ اسمبلی میں ریاستی وزیر جگدیش ریڈی کے ریمارک کے خلاف کانگریس کے احتجاج کے دوران مداخلت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ برسر اقتدار پارٹی ہو یا اپوزیشن دونوں کو ایوان میں تحمل سے کام لینا چاہئے ۔ اسمبلی کی کارروائی شام میں جب شروع ہوئی کانگریس نے اپنا احتجاج جاری رکھا جس پر چیف منسٹر نے مداخلت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایوان کسی ایک پارٹی یا رکن کا نہیں ہے بلکہ تمام ارکان ہے ۔ پارٹی بھلے ہی مختلف ہو لیکن ہم تمام ایک مقصد کیلئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ایوان میں کسی ایک شخص کو نشانہ بناتے ہوئے اظہار خیال کرنا مناسب نہیں ہے۔ لہذا اپوزیشن اور برسر اقتدار ارکان کو اس کا خیال رکھنا چاہئے ۔ انہوں نے وزراء سے کہا کہ اگر کسی موقع پر اپوزیشن ارکان جذبات میں آکر کچھ کہہ دیں تو وزراء کو اس کا جواب جذباتی انداز میں دینے کے بجائے تحمل سے دینا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وزراء کو جذبات اور اشتعال میں آنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ایوان میں وزیر برقی نے جذبات میں آکر کچھ باتیں کہہ دی ہیں۔

اس طرح کی باتیں ایوان میں مناسب نہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جس وقت چنا ریڈی نے اظہار خیال کیا ، اس وقت مائیک بند تھا جبکہ جگدیش ریڈی کا مائیک آن تھا جس کے سبب یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ دونوں جانب سے اس واقعہ پر ایوان میں افسوس اور ندامت کا اظہار کرتے ہیں۔ چیف منسٹر نے ایوان کے قواعد کو ملحوظ رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایوان کا وقار برقرار رکھنا ہوگا۔ تلنگانہ نئی ریاست ہے اور ہمیں نئی روایتوں کے ساتھ مثالی اقدامات کرنی چاہئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ایک دوسرے پر شخصی ریمارکس کرنا مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد اپوزیشن جانا ریڈی نے جو تجاویز پیش کی ہیں ، وہ ان سے اتفاق کرتے ہیں۔ جانا ریڈی کی تجاویز اپوزیشن و برسر اقتدار دونوں کیلئے قابل عمل ہے۔ انہوں نے ارکان کو مشورہ دیا کہ وہ ایوان کی کارروائی بہتر انداز سے چلانے میں حکومت سے تعاون کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت محبوب نگر ضلع میں سولار پاور پراجکٹ کے قیام کے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے اس سلسلہ میں کانگریس کے رکن چنا ریڈی کی تجاویز پر کارروائی سے اتفاق کیا ۔ قائد اپوزیشن جانا ریڈی نے ارکان کو مشورہ دیا کہ وہ ایوان میں قواعد کی پابندی کرتے ہوئے احترام کو ملحوظ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی رکن کی جانب سے غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال ٹھیک نہیں ہے۔ اپوزیشن اور حکومت دونوں کو ایوان میں بہتر کردار ادا کرنا چاہئے۔ جانا ریڈی نے کہا کہ ایک دوسرے کی توہین مناسب نہیں۔ جانا ریڈی نے کہا کہ نو منتخب ارکان عام طور پر جذباتی انداز میں گفتگو کر رہے ہیں جو ایوان کے وقار کیلئے مناسب نہیں۔ چیف منسٹر کی مداخلت کے بعد کانگریس نے احتجاج ترک کردیا۔