وزارت عظمیٰ ،بی جے پی کا واحد مقصد: سونیا

میوات ۔ 31 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے آج مودی کا مبہم حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کا واحد مقصد وزارت عظمیٰ کی کرسی پر قبضہ کرنا ہے جس کیلئے وہ مگرمچھ کے آنسو بہاتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہی ہے ۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ کانگریس پارٹی لوک سبھا انتخابات محض ملک کی ترقی کیلئے نہیں لڑ رہی ہے بلکہ دستور کے وضع کردہ سیکولر اقدار کے تحفظ کیلئے بھی جدوجہد کررہی ہے ۔ سونیا گاندھی نے یہاں ایک بڑی انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ اُن ( بی جے پی قائدین) کاصرف ایک ہی نشانہ اور ایک ہی مقصد ہے ، وہ دراصل وزارت عظمی کی کرسی ہے ۔ اس کرسی کیلئے وہ عوام کو گمراہ کررہے ہیں اور مگرمچھ کے آنسو بہارہے ہیں‘‘۔ سونیا گاندھی نے بی جے پی میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی پر تازہ وار کرتے ہوئے یہ ریمارک کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’آئے دن بی جے پی قائدین وقفہ وقفہ سے اپنے بھیس بدل رہے ہیں اور مگرمچھ کے آنسو بہارہے ہیں ‘‘۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کا مقصد صرف ملک کی ترقی ہی نہیں ہوتا بلکہ اس کا مطلب دستور کا تحفظ کرنا بھی ہے جس کے لئے ہمارے آباو اجداد اور مجاہدین آزادی نے انتھک جدوجہد کے بعد حاصل کردہ آزادی کے ذریعہ یہ دستور بخشا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ’’دستور ہمارے سیکولر اقدار کو تسلیم کرتا ہے اور ہمیں اقلیتوں کے احترام کا درس دیتا ہے ۔ ہمیں سکھاتا ہے کہ اُن اقلیتوں کا کس طرح احترام کیا جائے ‘‘۔ سونیا گاندھی نے یہاں تک کہہ دیا کہ کانگریس پارٹی ایک ملک کیلئے جدوجہد کرتی ہے جو چند مٹھی بھر افراد کا نہیں ہے بلکہ ہمارا ملک تمام شہریوں کا ہے اور یہاں تمام شہریوں کو مساویانہ حقوق حاصل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم ایک ایسے ملک کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے کہ جہاں اس بات کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی کہ کس کا مذہب ، زبان ، جائے پیدائش یا ذات پات کیا ہے، بلکہ ہم ملک کیلئے جدوجہد کررہے ہیں جو سیکولر ہے‘‘۔