ورنگل میں کاکتیہ ٹکسٹائیل پارک کی ترقی کے لیے ٹنڈر وصولی کا آغاز

پراجکٹ کو گجرات کی طرز پر اہمیت ، قرب و جوار کے علاقوں میں ترقی و روزگار
حیدرآباد۔4اگسٹ (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے ضلع ورنگل میں کاکتیہ ٹیکسٹائیل پارک کی ترقی کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ٹنڈر وصولی کا عمل شروع کردیا ہے اور اس عمل کے ساتھ ہی ٹیکسٹائیل پارک کے اطراف و اکناف کے علاقوں کی قیمتو ںمیں زبردست اضافہ کے امکانات پیدا ہو چکے ہیں۔ ضلع ورنگل کے موضع شیام پیٹ گیسو کنڈہ منڈل میں 1190.67ایکڑ پر ٹیکسٹائیل پارک کی ترقی کے سلسلہ میں سال گذشتہ اعلان کرتے ہوئے حصول اراضیات کا عمل شروع کیا گیا تھا لیکن اب تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن لمیٹیڈ کی جانب سے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا جا چکا ہے کہ حکومت اس پراجکٹ کو عملی شکل دینے جا رہی ہے ۔ مقامی عوام جو اراضیات میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں ان کیلئے یہ زرین موقع ہے اور وہ اس علاقہ کے اطراف و اکناف میں اراضیات کے حصول کے ذریعہ بہترین جائیدادیں خرید سکتے ہیں۔ حکومت کے اس پراجکٹ کے اعلان کے بعد سے ہی اس علاقہ کے اطراف کے مواضعات میں ترقی اور رئیل اسٹیٹ میں تیزی دیکھی جا رہی تھی لیکن حالیہ عرصہ میں پراجکٹ کے تعطل کا شکار ہونے کی اطلاعات نے عوام اور سرمایہ کاروںکو تذبذب میں مبتلاء کردیا تھا لیکن اب تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کی جانب سے اعلامیہ کی اجرائی کا مطلب یہ ہے کہ بہت جلد اس پراجکٹ کیلئے ٹنڈر کی وصولی اور ٹیکسٹائیل یونٹس کو پلاٹس کی حوالگی کا عمل بھی شروع کردیا جائے گا۔ ضلع ورنگل میں اس ٹیکسٹائیل پارک کے قیام سے ضلع کو شمال مغربی ریاست گجرات کے ضلع سورت کی طرح اہمیت حاصل ہوجائے گی اور اس علاقہ میں پارچہ صنعتوں کے آغاز کے بعد اس علاقہ کی اہمیت میں زبردست اضافہ کی توقع ہے۔ آئندہ دو برسوں میں ٹیکسٹائیل پارک کی تکمیل اور پارچہ صنعتوں کے آغاز کی صورت میں یہ علاقہ تیزی سے صنعتی علاقہ میں تبدیل ہو جائے گا۔ تلنگانہ اسٹیٹ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن لمیٹیڈ نے جو عوامی اعلامیہ جاری کیا ہے اس میں اس بات کی بھی وضاحت کردی گئی ہے کہ اس ٹیکسٹائیل پارک کے لئے تلنگانہ اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بور ڈ کی جانب سے کلیئرنس بھی حاصل ہو چکا ہے اور واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے اس ٹیکسٹائیل پارک کو منظوری بھی دیدی ہے۔