ورنگل میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کا مطالبہ

وقف پراپرٹی پروٹکشن اینڈ ڈیولپمنٹ کمیٹی کے وفد کی جناب زاہد علی خاں سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : وقف پراپرٹی پروٹکشن اینڈ ڈیولپمنٹ کمیٹی ورنگل کے ایک نمائندہ وفد نے جناب ایم اے کے تنویر صدر کمیٹی کی قیادت میں جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست سے ملاقات کر کے اوقافی جائیداد کے تحفظ سے متعلق یادداشت پیش کی ۔ اور وفد نے بتایا کہ ضلع ورنگل میں اینگولہ گڈہ قبرستان ، ہنمکنڈہ ، مسجد و درگاہ زندہ بھلگن ، عروس جاگیر ، گوریلہ مٹہ قبرستان ، قلعہ ورنگل قبرستان ، جان اللہ شہید کھمم روڈ ، قبرستان ، ہنمکنڈہ چوراہا ، درگاہ سید احمد شاہ ہنمکنڈہ کے علاوہ دیگر اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کریں ۔ وفد نے جناب زاہد علی خاں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت میں ریاست کی کئی اوقافی جائیدادوں کا تحفظ کیا جارہا ہے جو امت مسلمہ کے لیے سود مند ثابت ہورہا ہے ۔ جناب زاہد علی خاں نے وفد کے ادعا کو بغور سماعت کے بعد ضلع کی اوقافی جائیداد سے متعلق چیرمین اسمبلی ہاوز کمیٹی و رکن اسمبلی بودھن جناب عامر شکیل سے بذریعہ فون گفتگو کرتے ہوئے کمیٹی کے ادعا کو پیش کیا اور ضلع کی تمام اوقافی جائیداد کے تحفظ سے متعلق توجہ دلائی جس پر جناب عامر شکیل نے ایڈیٹر سیاست کو اس بات کا تیقن دیا کہ ضرور ان اوقافی جائیداد کے تحفظ سے متعلق اقدامات کئے جائیں گے اور ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ ہاوز کمیٹی جاریہ ماہ کی 11 ، 12 تاریخ میں اوقافی جائیداد کے جائزے کے لیے ضلع ورنگل آرہی ہے بعد ازاں جناب زاہد علی خاں نے وفد کو اس بات کا تیقن دیا کہ عنقریب وہ خود بھی جناب ظہیر الدین علی خاں منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست اور جناب عثمان الہاجری صدر دکن وقف پروٹیکشن کونسل کے ساتھ ضلع ورنگل کا دورہ کرتے ہوئے اوقافی جائیداد کا جائزہ لیں گے ۔ بعد ازاں وقف بورڈ اور حکومت سے ضلع کی تمام اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کرائے جائیںگے ۔ اس وفد میں مختلف افراد جیسے شیخ بابا قادر علی نائب صدر ، سید سلطان محی الدین قادری متولی درگاہ عبداللہ شہید ، سید عارف الدین صابری صدر کمیٹی مسجد روشن شہید ، محمد رفیق احمد صابری صدر مسجد کمیٹی زندہ بھلگن اور دیگر افراد شامل رہے ۔۔