ورنگل میونسپل کارپوریشن میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی یقینی

رائے دہندوں سے زیادہ سے زیادہ ووٹ دینے ہریش راؤ کی اپیل
حیدرآباد۔ یکم مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے ورنگل میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی کا دعویٰ کیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہاکہ گریٹر حیدرآباد کارپوریشن کی طرح ورنگل کارپوریشن پر ٹی آر ایس کا پرچم لہرائے گا۔ ہریش راؤ نے ورنگل میں ٹی آر ایس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا اور مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے رائے دہندوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ ورنگل کی ترقی کیلئے ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔ اگر ورنگل کارپوریشن پر ٹی آر ایس کا قبضہ ہوگا تو ریاستی حکومت کے تعاون سے ترقیاتی اسکیمات بہتر طور پر عمل کی جاسکیں گی۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں پر گزشتہ 60برسوں کے دوران تلنگانہ کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس اس بات کا کوئی جواز نہیں ہے کہ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کو کیوں ووٹ نہ دیا جائے اور انہیں کیوں ووٹ دیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ 60برسوں میں تلگودیشم اور کانگریس کا اقتدار رہا جبکہ ٹی آر ایس گزشتہ 20ماہ کے اقتدار میں ترقی کے نئے دور کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل رائے دہندوں سے ووٹ مانگنے کا حق صرف ٹی آر ایس کو حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل میں کاکتیہ دور حکومت اور ان کی تہذیب کا احیاء صرف ٹی آر ایس کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاکتیہ حکمرانوں کے نام سے تالابوں اور ذخائر آب کے تحفظ کی اسکیم مشن کاکتیہ کا آغاز کیا گیا ہے جس کا مقصد تلنگانہ کو خشک سالی سے نجات دلانا ہے۔ ٹی آر ایس حکومت نے ورنگل میں 2 یونیورسٹیز کے قیام کو منظوری دی ہے۔ شلپا رامم اور حیدرآباد پبلک اسکول کے قیام کو منظوری دی گئی۔ انفارمیشن ٹکنالوجی کی ترقی کیلئے ورنگل میں کئی اقدامات کئے گئے ہیں جس کا وزیر آئی ٹی کے ٹی آر نے حال ہی میں آغاز کیا۔ ہریش راؤ نے اعلان کیا کہ ورنگل میں عوام پر کسی بوجھ کے بغیر 900 کروڑ کی لاگت سے 15000 ڈبل بیڈ روم مکانات کو منظوری دی گئی ہے۔ صحافیوں کیلئے ہیلت کارڈ اور ڈبل بیڈ روم مکانات فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل شہر کی ترقی صرف کے سی آر سے ممکن ہے۔ حیدرآباد اور نارائن کھیڑ کی طرح ورنگل میں بھی پارٹی شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سنہرے تلنگانہ کیلئے کام کرنے والے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی مکمل تائید کریں۔