ورنگل میونسپل کارپوریشن انتخابات سے قبل تلگو دیشم کو دھکہ

فلور لیڈر ای دیاکر راؤ کی ٹی آر ایس میں شمولیت ، چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات
حیدرآباد۔/25فبروری، ( سیاست نیوز) ورنگل میونسپل کارپوریشن کے انتخابات سے عین قبل تلگودیشم پارٹی کو آج اس وقت زبردست دھکا لگا جب تلنگانہ اسمبلی میں پارٹی کے فلور لیڈر ای دیاکر راؤ نے آج اپنے حامیوں کے ساتھ ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ دیاکر راؤ نے ٹی آر ایس میں شمولیت کا اگرچہ پہلے ہی اعلان کردیا تھا لیکن تلنگانہ بھون میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی موجودگی میں آج رسمی طور پر شمولیت اختیار کرلی۔ دیاکر راؤ کا تعلق ضلع ورنگل سے ہے اور وہ پالاکرتی اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ٹی آر ایس میں ان کی شمولیت سے ورنگل میں پارٹی کو استحکام حاصل ہوا ہے اور میونسپل انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی کے امکانات بڑھ چکے ہیں۔ تلگودیشم کے بعض دیگر ارکان اسمبلی بھی آنے والے دنوں میں ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دیاکر راؤ کو گلابی کھنڈوا پہنا کر پارٹی میں شامل کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء سرینواس یادو، چندولال کے علاوہ سابق ڈپٹی چیف منسٹر ایس راجیا اور دیگر قائدین موجود تھے۔ شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ دیگر جماعتوں کے قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت دراصل تلنگانہ کی سیاسی طاقت کو متحد کرنا ہے۔ اس طرح متحدہ سیاسی قوت کے ذریعہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ برسراقتدار پارٹی میں شمولیت دراصل سیاسی طاقت کے استحکام کیلئے ہوتی ہے اور اہمیت اس بات کی نہیں کہ شمولیت اختیار کرنے والے کس پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط سیاسی قوت کے ذریعہ ہی ترقی حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کیلئے دیگر جماعتوں سے تعلق رکھنے والے قائدین ٹی آرایس میں شامل ہورہے ہیں۔ انہوں نے قائدین سے کہا کہ وہ تلنگانہ کی ترقی میں حکومت سے تعاون کریں کیونکہ حکومت تمام کو ساتھ لے کر کام کرنے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی کیلئے قائدین کو ایک پلیٹ فارم پر آنا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ دیاکر راؤ اور دیگر قائدین کی شمولیت سے ورنگل ضلع کے ترقی میں مدد ملے گی۔ ضلع میں پراجکٹس کی کمی کے باعث گوداوری کا پانی سمندر میں جارہا ہے جسے ورنگل کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ضلع کو دو فصلوں کیلئے پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے آبپاشی پراجکٹس تعمیر کئے جائیں گے۔ ہر سال بجٹ میں ورنگل ضلع کیلئے 300کروڑ روپئے مختص کرنے کا چیف منسٹر نے اعلان کیا۔ انہوں نے چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو پر تنقید کی اور کہا کہ چندرا بابو نائیڈو اب آندھرا پردیش میں اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کریں، انہیں تلنگانہ کے اُمور میں مداخلت سے گریز کرنا چاہیئے۔ دیاکر راؤ نے کہا کہ وہ ریاست کی ترقی اور ورنگل کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے ٹی آر ایس میں شامل ہوئے ہیں۔