حیدرآباد۔23نومبر ( سیاست نیوز) ورنگل لوک سبھا ضمنی انتخابات کے نتائج کا کل اعلان کیا جائے گا ۔ ضلع کلکٹر وائی کرونا نے بتایا کہ اینومامولا مارکٹ یارڈ کے 7ہالس میں ووٹوں کی گنتی صبح 8بجے شروع ہوگی۔ احتیاطی اقدام کے طور پر یہاں امتناعی احکامات نافذ کئے گئے ہیں ۔ ضمنی انتخابات کیلئے رائے دہی 21نومبر کو ہوئی جس میں 68.59 فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی ۔ 23امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں اور اصل مقابلہ حکمراں ٹی آر ایس کے پی دیاکر ‘ اصل اپوزیشن کانگریس امیدوار سروے ستیہ نارائنا اور بی جے پی امیدوار پی دیویا کے مابین ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس نے بھی این سوریا پرکاش کو امیدوار نامزد کیا تھا ۔ ورنگل سے ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ کے سری ہری کو تلنگانہ ڈپٹی چیف منسٹر بنائے جانے کے بعد استعفی کی وجہ سے یہاں ضمنی انتخابات ناگزیر ہوگئے تھے ۔ تلنگانہ کے عوام حلقہ لوک سبھا ورنگل کیلئے گذشتہ دو دن قبل منعقدہ ضمنی انتخابی نتیجہ کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں ‘ کیونکہ متوقع طور پر رائے دہی کے فیصد میں زبردست اضافہ ہونے کی وجہ سے نتیجہ کے سلسلہ میں کافی تجسس پایا جارہا ہے ۔ دیکھا جاتا ہے کہ ضمنی انتخاب میں رائے دہی کا اوسط بہت ہی کم ہوا کرتاہے لیکن گذشتہ ایک طویل عرصہ کے بعد یہ دیکھا گیا کہ رائے دہی کے فیصد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے سیاسی جماعتوں میں نتیجہ کے تعلق سے نئے نئے اندازے لگائے جارہے ہیں ‘ تاہم برسراقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے نے اس بات کا ادعا کیا کہ وہ بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ اسی دوران کانگریس پارٹی اور بی جے پی بھی اپنی اپنی کامیابی کا اظہار کررہی ہیں ۔ حلقہ لوک سبھا میںورنگل کے منعقدہ ضمنی انتخاب میں تمام سیاسی جماعتوں بالخصوص ٹی آر ایس ‘ کانگریس ‘ وائی ایس آر کانگریس پارٹی ‘ بائیں بازو کے متحدہ امیدوار اور تلگودیشم بی جے پی اتحاد امیدوار کے علاوہ دیگر امیدواروں نے اپنی تیزرفتار انتخابی مہم چلائی تھی ۔