ورنگل اور کھمم میونسپل کارپوریشن انتخابات ، تلگو دیشم و بی جے پی اتحاد کا خاتمہ متوقع

بی جے پی کا تنہا مقابلہ ممکن ، پارٹی میں تلگو دیشم سے اتحاد کی مخالفت ، تلگو دیشم کا موقف کمزور
حیدرآباد۔ 29 ۔ فروری (سیاست نیوز) ورنگل اور کھمم  میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات میں تلگو دیشم۔بی جے پی اتحاد کے خاتمہ کے آثار نمایاں طور پر دکھائی دے رہے ہیں۔ بی جے پی نے دونوں اضلاع میں تنہا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور دونوں کارپوریشنوں نے تمام بلدی حلقوں سے اپنے امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دی ہے۔ گزشتہ عام انتخابات میں تلگو دیشم اور بی جے پی نے تلنگانہ اور آندھراپردیش میں متحدہ طور پر مقابلہ کیا تھا ۔ آندھراپردیش کی کابینہ میں بی جے پی کو نمائندگی دی گئی ہے جبکہ تلنگانہ میں دونوں پارٹیاں اپوزیشن میں ہیں۔ حالیہ گریٹر حیدرآباد انتخابات میں تلگو دیشم بی جے پی اتحاد کو سخت ہزیمت اٹھانی پڑی جس کے بعد سے بی جے پی حلقوں میں تلگو دیشم سے اتحاد توڑنے کا مطالبہ زور پکڑنے لگا۔ گریٹر انتخابات میں اگرچہ اتحاد کا اعلان کیا گیا تاہم کئی حلقوں میں دونوں پارٹیوں کی دوستانہ مقابلہ آرائی ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ بی جے پی کی ریاستی کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی قائدین کی اکثریت نے تلگو دیشم کے ساتھ اتحاد کی برقراری کی مخالفت کی۔ ورنگل ، کھمم کارپوریشن اور اچم پیٹ نگر پنچایت کے مجوزہ انتخابات سے یہ اتحاد ٹوٹ سکتا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ تلگو دیشم پارٹی قیادت نے اس مسئلہ کو بی جے پی اعلیٰ کمان سے رجوع کیا ہے اور وہ اتحاد کی برقراری کے حق میں ہیں۔ بی جے پی قائدین کا کہنا ہے کہ تلنگانہ میں تلگو دیشم کا موقف کافی کمزور ہے اور 10 ارکان اسمبلی کے انحراف کے بعد بی جے پی کا دوستی برقرار رکھنا ممکن نہیں ۔ ہوسکتا ہے کہ آندھراپردیش میں تلگو دیشم سے مفاہمت جاری رہے اور تلنگانہ میں بی جے پی تنہا مقابلہ کرے۔