ورنگل اور کھمم میونسپل انتخابات سے قبل بھی کانگریس کو جھٹکے

سابق وزیر بی ساریا پارٹی سے معطل ‘ کھمم صدر سٹی کانگریس ٹی آر ایس میں شامل
حیدرآباد ۔ 23 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ورنگل اور کھمم میونسپل کارپوریشن کے انتخابات سے قبل کانگریس کو زبردست جھٹکے لگے ہیں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے سابق وزیر مسٹر بی ساریا کو پارٹی سے معطل کردیا ۔ کھمم سٹی کانگریس کے صدر مسٹر پی وینکٹیشورلو نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔ جی ایچ ایم سی انتخابات سے قبل اور بعد میں تلنگانہ تلگو دیشم کے 5 ارکان اسمبلی نے تلگو دیشم میں شمولیت اختیار کی ۔ اب یہ خطرہ کانگریس پر منڈلا رہا ہے ۔ ضلع ورنگل کے سینئیر کانگریس قائد سابق وزیر مسٹر بی ساریا نے آج چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے سی آر سے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ہے تاہم اس سے قبل صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے تادیبی کارروائی کرتے ہوئے مسٹر بی ساریا کو کانگریس سے معطل کردیا ہے ۔ واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل ورنگل سٹی کانگریس کمیٹی کے صدر اور کئی سابق کارپوریٹرس ٹی آر ایس میں شامل ہوگئے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ورنگل میونسپل کارپوریشن کے انچارج ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ملو بٹی وکرامارک نے مسٹر بسوا ساریا سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے انہیں پارٹی نہ چھوڑنے کا مشورہ دیا تھا تاہم بسوا ساریا نے تب تک ٹی آر ایس میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا تھا ۔ کھمم سٹی کانگریس کے صدر و سابق فلور لیڈر بلدیہ مسٹر پی وینکٹیشورلو نے بھی کانگریس سے مستعفی ہوتے ہوئے ریاستی وزیر عمارات و شوارع مسٹر ٹی ناگیشور راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔ واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر یونس سلطان نے بھی چیف منسٹر کے سی آر کے دورے کھمم کے موقع پر ان سے ملاقات کرتے ہوئے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی تھی ۔ اس طرح دونوں کارپوریشنس ورنگل اور کھمم کے کئی سابق کارپوریٹرس اور مقامی اہم قائدین نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔