ورلڈ کپ2015ء کی رنگارنگ افتتاحی تقریب میں شاہد کپور کے فلم کے گیت کی دھوم

نیوزی لینڈ کے وزیراعظم نے ٹورنمنٹ کا اعلان کیا
آسٹریلیا پہلے مقابلے میں انگلینڈکا سامنا کرنے تیار
نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان افتتاحی مقابلہ
آتش بازی اور موسیقی کے پروگرام سے عوام لطف اندوز

کرائسٹ چرچ/ملبورن۔12 فبروری( سیاست ڈاٹ کام) آئی سی سی ورلڈ کپ 2015ء کی رنگا رنگ افتتاحی تقاریب کا نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ اور آسٹریلیا کے شہر ملبورن میں منعقد ہوئیں جہاں آئی سی سی کے چیرمین ڈیوڈ رچرڈسن کے علاوہ اہم عہدیداروں کے ساتھ کرکٹ دنیا کے موجودہ اور سابق کھلاڑیوں نے شرکت کی ۔ ورلڈ کپ 2015ء کی افتتاحی تقاریب ٹورنمنٹ کے میزبان ممالک نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے شہروں میں مختلف رنگ روپ اور دھن کے ساتھ منعقد ہوئی ۔ دنیا بھر کے کروڑہا عوام نے ان تقاریب میں شرکت کرنے والی ٹیموں کے روایتی پروگرامس کے علاوہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیائی ارباب مجاز کی جانب سے پیش کئے جانے والے رنگا رنگ پروگرامس کا بھرپور لطف لیا ۔ آسٹریلیا کے شہر ملبورن جہاں سنچریان میںآسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان پہلا مقابلہ کھیلا جائے گا ‘

یہاں منعقدہ مقابلے میں ہندوستان ‘ پاکستان ‘ افغانستان ‘سری لنکا ‘ متحدہ عرب امارات ‘ جنوبی افریقہ ‘ آئرلینڈ ‘ اسکاٹ لینڈ اور بنگلہ دیش کی جانب سے فی کس چند منٹوں پر مشتمل پروگرامس جب ایک بڑے اسٹیج پر پیش کئے گئے تو میدان میں موجود مختلف ممالک کے باشندوں میں جوش و خروش اپنے عروج پر تھا ۔ مختلف ممالک کی جانب سے پیش کئے جانے والے روایتی پروگرامس اور نغموںکے درمیان پھر ایک مرتبہ ہندوستان کی فلمی صنعت بالی ووڈ نے بازی مارلی ۔ ہندوستانی فنکاروں نے اس موقع پر بالی ووڈ اسٹار شاہد کپور کی فلم ’’پھٹا پوسٹر نکلا ہیرو‘‘ کا گیت ’’ دھاتنگ ناچ‘‘ پیش کیا تو میدان میں موجود ہندوستانی شائقین کے علاوہ دیگر غیرملکی باشندے بھی رقص کرتے اور جھومتے رہے ۔ اس دوران یہاں موجود ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کے چہروں پر مسکراہٹ تھی اور قومی ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی کے چہرے پر مسکراہٹ کے علاوہ وہ کافی پُرسکون نظر آرہے تھے ۔ پروگرام کے آغاز پر افغانستان کی ٹیم کو متعارف کئے جانے کے موقع پر افغانی سنگر نے اپنا روایتی گانا پیش کیا جبکہ پاکستانی ٹیم کو متعارف کئے جانے کے وقت مشہور بینڈ جنہوں نے ’’ پاکستان ہمارا ‘ پاکستان تمہارا‘‘ گیت پیش کیا ۔ علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات کی جانب سے 3خاتون فنکاروں نے روایتی لباس پر موسیقی کا پروگرام پیش کیا

جبکہ جنوبی افریقہ ‘ آئرلینڈ ‘ اسکاٹ لینڈ اور انگلش ٹیم کیلئے جن فنکاروں نے موسیقی اور رقص کا جو پروگرام پیش کیا جو ایشیائی باشندوں اور میدان میں موجود شائقین میں وہ جوش و جذبہ پیش کرنے میں ناکام رہے جو کہ بالی ووڈ کے گانے نے پیدا کیا ۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں منعقدہ افتتاحی تقریب میں 10ٹیموں کے کپتان اور ورلڈ کپ ٹرافی کی نقاب کشائی کی گئی ۔ کرائسٹ چرچ میں منعقدہ تقریب کے دوران نیوزی لینڈ کے کئی روایتی پروگرامس کو پیش کیا گیا اور اس موقع آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے اسے ایک تہوار کا سماں قرار دیا اور امید کی ہے کہ یہ ٹورنمنٹ مکمل گیم اسپرٹ کے ساتھ کھیلا جائے گا ۔ اس موقع پر کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ کے وزیراعظم جان کی نے سرکاری طور پر ورلڈ کپ کے آغاز کا اعلان کیا اور تمام ٹیموں سے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا لیکن انہوں نے اپنے مختصر سے بیان میں یہ بھی کہا کہ تمام ٹیموں کیلئے وہ اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں لیکن وہ یہ جانتے ہیں کہ تقریباً دو مہینے تک جاری رہنے والے اس ٹورنمنٹ کی 16ٹیموں میں صرف ایک ٹیم ہی چمپئن بنے گی لہذا وہ اپنے ملک کی ٹیم نیوزی لینڈ کیلئے یہ دلی خواہش رکھتے ہیں کہ وہ عالمی چمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرے ۔ کرائسٹ چررچ کے ہیگ لے پارک میں جو رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی

اس میں سری لنکا ‘ جنوبی افریقہ ‘ زمبابوے اور نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنے کپتانوں کے ساتھ اسٹیج پر بھی پہنچی تھی لیکن اس بڑے میدان میں جو پروگرام عوام کی توجہ حاصل کرنے کے علاوہ داد و تحسین حاصل کرپایا وہ ایک چھوٹے بچے کے ساتھ کیا گیا ڈرامہ تھا جس میں ایک 12تا 14سالہ بچہ اسٹیج پر پہنچ کر شائقین میں سے چند بچوں کو اسٹیج پر بلایا اور اس کے بعد چند افراد کو بلانے کیلئے جو طریقہ کار استعمال کیا گیا وہ کافی متاثرکن تھا اور اس طریقہ کار کے ذریعہ نیوزی لینڈ ٹیم کے سابق کپتان اسٹیفن فلیمنگ ‘ موجودہ کپتان برینڈن مکالم ‘ فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی ‘ سابق عظیم فاسٹ بولر رچررڈ ہیڈلی ‘ اسپائر ملی باؤڈن کے علاوہ سری لنکائی فاسٹ بولر لستھ ملنگا قابل ذکر ہیں ۔ علاوہ ازیں نیوزی لینڈ کیلئے اولمپکس اور بین الاقوامی سطح پر مختلف کھیلوں میں عالمی اعزاز اور میڈلس حاصل کرنے والی معروف شخصیتوں کو بھی مدعو کیا گیا تھا ۔ کرائسٹ چرچ کی تقریب میں جن فنکاروں نے مظاہرے کئے ان میں سولتھری میو‘ گینی بلیک مور اور ہیلے ویسٹن قابل ذکر ہیں ۔ واضح رہے کہ 23برس بعد آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ ونڈے ورلڈ کپ کی میزبانی کررہے ہیں اور 14فبروری کو ہیگلے اوول میں ٹورنمنٹ کا افتتاحی مقابلہ میزبان نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا اور اس دن آسٹریلیا کے شہر ملبورن میں میزبان آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان پہلا مقابلہ کھیلا جائے گا ۔