حیدرآباد14دسمبر(یواین آئی )وردھا طوفان کے زیر اثر آئندہ 24گھنٹوں کے دوران آندھراپردیش کے رائل سیما میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات نے یہ بات بتائی ۔ وردھا کے زیر اثر سردی کی لہر میں کمی ہوئی ہے اور تلنگانہ میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ یہ درجہ حرارت معمول سے پانچ ڈگری زائد ریکارڈ کیا گیا ۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران حیدرآباد ‘ محبوب نگر میں معمول سے پانچ ڈگری کم رات کا درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ۔ کل رات حیدرآباد میں اقل ترین درجہ حرارت 20ڈگری ‘ محبوب نگر میں 22ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ طوفان وردھا کا اثر تلنگانہ پر بھی پڑا ہے ۔ حیدرآباد سمیت ریاست کے بیشتر مقامات پر وقفہ وقفہ سے بارش ہورہی ہے ۔ محبوب نگر ‘ رنگاریڈی اضلاع میں بھی بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے ۔ سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ۔ تاہم درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔