۔20 جولائی تک تقررات کا عمل مکمل ، اساتذہ تنظیموں کی حکومت پر تنقید
حیدرآباد /18 جولائی ( سیاست نیوز ) ریاست تلنگانہ کے سرکاری مدارس پر ودیا والینٹرس کے تقررات کے سلسلہ میں ریاستی محکمہ اسکولی تعلیم کو کثیر تعداد میں درخواستیں وصول ہوئی ہیں ۔ جس کی خود ریاستی محکمہ اسکولی تعلیم کو بھی توقع نہیں تھی ۔ باوثوق سرکاری ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ریاست میں گذشتہ دنوں اساتدہ کے بڑے پیمانے پر کئے گئے تبادلوں کے پیش نظر سینکڑوں سرکاری مدارس میں اساتذہ کی جائیدادیں مخلوعہ پائی جارہی ہیں ۔ جس کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت نے ودیا والینٹرس کے تقررات عمل میں لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ریاست بھر میں جملہ 15661 ودیا والینٹرس کے تقررات عمل میں لانے کی منظوری دی اور اس سلسلہ میں جاری کردہ اعلامیہ کی روشنی میں ودیا والینٹرس کیلئے حکومت کو زائد از 157635 درخواستیں وصول ہوئی ہیں ۔ اس طرح ایک ودیا والینٹرس کی جائیداد کیلئے دس درخواستیں وصول ہوئی ہیں ۔ جس کی وجہ سے ریاستی محکمہ اسکولس تعلیم اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسروں کو ودیا والینٹرس کے تقررات عمل میں لانے کیلئے کافی مسائل و مشکلات درپیش رہنے کی اطلاعات ہیں ۔ اسی ذرائع کے بتایا جاتا ہے کہ 20 جولائی تک ودیا والینٹرس کے تقررات کا عمل مکمل کئے جانے کی قوی توقع ہے ۔ اسی دوران بعض اساتذہ کی تنظیموں کے قائدین نے اس بات کی شکایت کی ہے کہ ریاست میں ودیا والینٹرس کے کئے جانے والے تقررات بہت کم تعداد میں کئے جارہے ہیں جبکہ سرکاری مدارس میں اساتذہ کی مخلوعہ جائیدادوں کی تعداد اور بھی زیادہ پائی جاتی ہے ۔