ودیا ساگر راؤ ، نائب صدر جمہوریہ کے امیدوار متوقع

گورنر مہاراشٹرا یا مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو کو بھی نامزد کرنے پر غور
حیدرآباد۔27جون(سیاست نیوز) صدر جمہوریہ کے انتخاب کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی امیدوار کے اعلان کے بعد اب نائب صدر جمہوریہ کے انتخاب کے سلسلہ میں قائدین کے نام گشت کرنے لگے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ نائب صدر جمہوریہ کے عہدہ کیلئے سب سے طاقتور امیدوار گورنر مہاراشٹرا مسٹر سی ایچ ودیا ساگر راؤ کو تصور کیا جا رہا ہے اور دوسرا نام مرکزی وزیر شہری ترقیات مسٹر ایم وینکیا نائیڈو کا لیا جانے لگا ہے لیکن کہا جا رہا ہے کہ مرکزی حکومت بالخصوص وزیر اعظم نریندر مودی کی پہلی پسند سی ایچ ودیا ساگر ہی ہوں گے کیونکہ مسٹر ایم وینکیانائیڈو مرکزی کابینہ میں ہوتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں بخوبی انجام دے رہے ہیں اور وہ حکومت کیلئے کافی مددگار ثابت ہو رہے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے نائب صدر جمہوریہ کے عہدہ کیلئے جنوبی ہند سے تعلق رکھنے والی شخصیت کے انتخاب کو یقینی بنانے کے قیاس کے بعد ان ناموں پر توجہ دی جا رہی ہے ۔ 15جولائی کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے شمالی ہند سے تعلق رکھنے والے قائد رام ناتھ کویند کو امیدوار بنائے جانے کے بعد یہ کہا جا رہا ہے کہ شمالی ہند کی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کسی سرکردہ قائد کو نائب صدر جمہوریہ کے عہدہ کیلئے پیش کیا جائے گا اوران میں سر فہرست مسٹر سی ایچ ودیا ساگر راؤ کو تصور کیا جا رہا ہے جو فی الحال مہاراشٹرا کے گورنر ہیں ۔ اس کے علاوہ ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والے بعض قائدین کے نام بھی زیر گشت ہیں لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی کے قریبی ذرائع کا کہناہے کہ فیصلہ کا اختیار وزیر اعظم نریندر مودی کو ہے اور یہ کہا جا رہا ہے کہ نریندر مودی سی ایچ ودیا ساگر راؤ یا مسٹر ایم وینکیا نائیڈو میں سے کسی ایک کا انتخاب کریں گے۔ مسٹر سی ایچ ودیا ساگر راؤ کا تعلق ریاست تلنگانہ کے ضلع کریم نگر سے ہے اور وہ آندھرا پردیش اسمبلی میں تین مرتبہ مٹ پلی حلقہ اسمبلی کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں اور بعد ازاں وہ دو مرتبہ پارلیمانی حلقہ کریم نگر کی بھی نمائندگی کرچکے ہیں ۔ 2014میں مرکزمیں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد انہیں ریاست مہاراشٹرا کا گورنر نامزد کیا گیا اور وہ اب بھی وہیں خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ مسٹر ایم وینکیا نائیڈو کا تعلق ریاست آندھرا پردیش سے ہے اور ریاست آندھرا پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حلیف جماعت تلگو دیشم برسر اقتدار ہے ۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکز کی جانب سے جنوبی ہند سے تعلق رکھنے والے قائد کو نائب صدر جمہوریہ بنایا جائے گا یہ درست ہے لیکن اس جلیل القدر عہدہ کیلئے شخصیت کا انتخاب وزیر اعظم کا اختیار ہے اور وہی اس عہدہ کیلئے شخصیت کا مشاورت کے بعد انتخاب کریں گے۔