وجیندر لگاتار 10 ویں جیت کیساتھ ہنوز ناقابل شکست

جئے پور ، 23 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وجیندر سنگھ نے کچھ تاخیر سے جارحانہ رُخ اختیار کیا مگر اپنے ڈبلیو بی او اورینٹل اور ایشیا پیسیفک سوپر مڈل ویٹ خطابات کا دفاع آج رات یہاں افریقی چمپئن ارنسٹ اموزو کے مقابل متفقہ فیصلے کے ساتھ کیا، جس پر پروفیشنل سرکٹ میں اُن کا ناقابل شکست موقف برقرار ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ وجیندر نے اب لگاتار 10 پرو مقابلے جیت لئے ہیں۔ 32 سالہ اولمپک برونز میڈلسٹ نے تاحال پروفیشنل کریئر میں شاندار مظاہرہ کے ذریعہ اپنا دبدبہ قائم رکھا ہے اور پُرہجوم سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں معاملہ کچھ مختلف نہ رہا جہاں سے وہ پھر ایک بار فاتح بن کر اُبھرے۔ دونوں باکسروں نے ابتداء میں محتاط رویہ اپنایا اور چھٹے راؤنڈ سے وجیندر حاوی ہونے لگے۔ اموزو نے اس فائٹ سے قبل 25 میں سے 23 مقابلے جیتے تھے۔