وجئے واڑہ میں صدرنشین وقف بورڈ جلیل خان کیخلاف پرتشدد احتجاج

قیمتی وقف اراضی کو معمولی رقومات پر لیز کردینے کے الزامات
چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو سے اوقافی جائیدادوں کو ترقی دینے کا مطالبہ

حیدرآباد 31 جولائی (سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش کے وجئے واڑہ ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن حدود میں واقع جامع مسجد سنٹر پر سی پی آئی، دیگر عوامی تنظیموں کے علاوہ اقلیتی تنظیموں کے زیراہتمام صدرنشین آندھراپردیش ریاستی وقف بورڈ جلیل خان کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کیا گیا جس کی وجہ سے صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ پولیس نے احتجاجیوں کو منتشر کرنے کی کوشش کی لیکن احتجاجیوں و پولیس کے مابین کافی دیر تک رسہ کشی جاری رہی اور حالات کو پرتشدد ہوتے ہوئے دیکھ کر پولیس نے زبردستی احتجاجیوں کو گرفتار کرکے گاڑیوں کے ذریعہ وہاں سے کسی اور مقام پر منتقل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق جامع مسجد کی زایداز سو کروڑ روپئے مالیتی قیمتی اراضی کو برائے نام رقم کے عوض لیز پر دے کر بھاری رقومات حاصل کرنے کا صدرنشین وقف بورڈ پر الزام عائد کرتے ہوئے زبردست احتجاج منظم کیا گیا۔ احتجاجیوں نے صدرنشین وقف بورڈ کے خلاف نہ صرف سخت الزامات عائد کئے بلکہ انھیں مسلمانوں کا غدار قرار دیتے ہوئے نعرہ بازی کی۔ جامع مسجد سنٹر کے پاس جاری احتجاج کو دیکھتے ہوئے پولیس نے بھاری جمعیت کو تعینات کرکے حالات پر قابو پانے کی کوشش کی۔ احتجاجی سی پی آئی قائدین، اقلیتی تنظیموں کے قائدین مسرس ڈی شنکر سکریٹری وجئے واڑہ سٹی سی پی آئی، کوٹیشور راؤ سی پی آئی قائد، محمد اقبال، مولا علی، معین خان و دیگر قائدین تنظیم انصاف نے احتجاج کی قیادت کی۔ ڈی شنکر سکریٹری وجئے واڑہ سٹی سی پی آئی نے بتایا کہ جلیل خان کے وقف بورڈ صدرنشین منتخب ہونے کے بعد ریاست کے مختلف مقامات پر موجود اوقافی جائیدادوں پر غیر مجاز قبضوں میں اضافہ ہوچکا ہے اور صدرنشین آندھراپردیش وقف بورڈ اوقافی جائیدادوں کا تحفظ کرنے میں بالکلیہ طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ جامع مسجد کی زائداز 100 کروڑ روپئے مالیتی قیمتی اراضی کو جلیل خان نے معمولی رقومات کے عوض 33 سال کی مدت کے لئے لیز پر دینے کا معاہدہ کرلیا تھا اور اس لیز کی حوالگی کے عوض صدرنشین آندھراپردیش وقف بورڈ نے مبینہ طور پر بھاری رقومات حاصل کرنے کا شنکر نے الزام عائد کیا اور چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو سے ریاست میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لئے اور ان جائیدادوں پر تعلیمی اداروں، پروفیشنل کالجوں کا قیام عمل میں لاتے ہوئے اراضیات کو ترقی دینے کے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی ساتھ اوقافی املاک کا تحفظ کرنے میں ناکام اور متعدد بے قاعدگیوں ممیں ملوث پائے جانے والے صدرنشین آندھراپردیش وقف بورڈ جلیل خان سے عہدہ سے فی الفور مستعفی ہوجانے کا شنکر و دیگر قائدین نے مطالبہ کیا اور بتایا کہ آج منظم کردہ احتجاجی دھرنے کے موقع پر پولیس نے زائداز 100 افراد کو گرفتار کیا۔