وجئے واڑہ میں راہول گاندھی کے قافلہ کو روکنے تلگودیشم کی کوشش

کارکنوں نے سیاہ پرچم دکھائے اور راہول واپس جاؤ کے نعرے لگائے ۔ کئی کارکن زیر حراست
امراوتی 4 جون ( پی ٹی آئی ) امراوتی کے قریب برسر اقتدار تلگودیشم پارٹی کے کئی کارکنوں کو آج پولیس حراست میں لے لیا گیا جبکہ انہوں نے کیسرا پلی گاؤں کے قریب کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے قافلہ کو روکنے کی کوشش کی تھی ۔ راہول گاندھی آج گنٹور میں پردیش کانگریس کمیٹی کے ایک جلسہ میں شرکت کیلئے وجئے واڑہ ائرپورٹ پہونچے تھے ۔ تلگودیشم پارٹی کے کارکنوں نے سابق ایم ایل سی بی وینکنا کی قیادت میں راہول گاندھی کو سیاہ پرچم دکھائے اور ان کے خلاف نعرے لگائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست کو 2014 میں غیر منطقی طریقے سے تقسیم کرنے کے بعد راہول گاندھی کو آندھرا پردیش میں قدم رکھنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ کیسرا پلی گاوں میں تلگودیشم کارکنوں نے ’’ راہول گاندھی ۔ واپس جاؤ ‘‘ کے نعرے لگائے جبکہ کانگریس نائب صدر آج شام چینائی سے ایک خصوصی طیارہ کے ذریعہ وجئے واڑہ ائرپورٹ گنا ورم پہونچے تھے ۔ راہول گاندھی یہاں ایک جلسہ عام میں شرکت کیلئے آئے ہیں۔ یہ جلسہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے ریاست کو خصوصی زمرہ کا موقف دلانے کے مسئلہ پر عوام میں اعتماد بحال کرنے کے مقصد سے منعقد کیا جا رہا ہے ۔ ائرپورٹ پر راہول گاندھی کا پردیش کانگریس کے صدر رگھو ویرا ریڈی ‘ سابق مرکزی وزیر ایم ایم پلم راجو ‘ رکن راجیہ سبھا کے وی پی رام چندر راؤ اور دوسروں نے خیر مقدم کیا ۔ کانگریس ورکرس نے راہول گاندھی کے قافلہ کو ایک بائیک ریلی کے ذریعہ آگے بڑھایا ۔ گنٹور روانگی سے قبل راہول گاندھی نے ائرپورٹ پر قدرے توقف کیا ۔ قبل ازیں آج دن میں بھی تلگودیشم کارکنوں نے گنٹور
شہر میں ایک ریلی منعقد کرتے ہوئے راہول گاندھی کے دورہ کی مخالفت کی ۔ تلگودیشم کے سینئر لیڈر ایم سبا راؤ نے کہا کہ آندھرا پردیش ریاست کو بہیمانہ انداز میں تقسیم کردینے کے بعد کانگریس کو خصوصی زمرہ کے مسئلہ پر جلسہ منعقد کرنے کا کوئی حق نہںے ہے ۔ 2014 کے بعد راہول گاندھی کا یہ دوسرا دورہ آندھرا پردیش ہے ۔ اس سے قبل انہوں نے 2015 میں ایک جلسہ میں اننت پور میں شرکت کی ۔ آج کے جلسہ میں راہول گاندھی کے علاوہ سابق چیف منسٹر اترپردیش اکھیلیش سنگھ یادو ‘ جنتادل یو کے لیڈڑ شرد یادو ‘ سی پی آئی جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی اور دوسرے قائدین نے بھی شرکت کی ۔ جلسہ میں سی پی آئی سکریٹری ڈی راجہ اور ترنمول کانگریس جیسی پارٹیوں کے قائدین بھی شریک تھے ۔