وجئے واڑہ ۔ 2 ۔ مئی : ( پی ٹی آئی ) : پانی کے تحفظ کے لیے رین واٹر ہاروسٹنگ ٹپس کی تعمیر کی اہمیت کے بارے میں عوام میں بیداری پیدا کرنے کے سلسلہ میں آج صبح وجئے واڑہ میں ایک دو کلومیٹر طویل واک کا انعقاد عمل میں آیا ۔ آندھرا پردیش کے وزراء ڈی اوما مہیشور راؤ اور پی رگھوناتھ ریڈی نے اس واک کو جھنڈی دکھائی جس میں تقریبا ایک ہزار لوگ بشمول طلبہ اور نوجوانوں نے حصہ لیا ۔ ان وزراء نے یہاں اندرا گاندھی میونسپل اسٹیڈیم پر دو واٹر ہاروسٹنگ ٹپس کی تعمیر کا آغاز بھی کیا ۔ اس موقع پر اے پی کے وزیر آبی وسائل اوما مہیشور راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت نیرو ۔ پرگتی اسکیم کے نام پر کسانوں کو فنڈس فراہم کر کے دیہی علاقوں میں واٹر ٹپس کی تعمیر کو فروغ دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس سال ریاست میں 8.5 لاکھ فارم پانڈس کی تعمیر کا نشانہ بنایا ہے ۔ وزیر موصوف نے کہا کہ پانچ ایکڑ سے کم زمین رکھنے والے کسان ان کی زمین پر فارم پانڈ کی تعمیر کے لیے ایم جی این آر ای جی ایس سے فنڈس کا استعمال کرسکتے ہیں ۔۔