وجئے واڑہ میں امریکی قونصلیٹ کے قیام سے اتفاق

امریکی سفارتی وفد کی چندرابابو نائیڈو سے بات چیت

حیدرآباد 2 ڈسمبر (سیاست نیوز) امریکی سکریٹری برائے سیاسی و دفاعی اُمور پنت تلوار نے وجئے واڑہ میں امریکی قونصلیٹ دفتر قائم کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں عاجلانہ اقدامات کرنے کا اظہار کیا۔ آج یہاں اپنے دورہ حیدرآباد کے موقع پر چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو سے خیرسگالی ملاقات کی۔ اس دوران مسٹر نائیڈو نے مختلف اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور ان سے (پنت تلوار سے) وجئے واڑہ میں امریکی قونصلیٹ دفتر قائم کرنے کی خواہش کی اس پر اپنے مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے امریکی سکریٹری نے بہرصورت وجئے واڑہ میں نئے امریکی قونصل دفتر قائم کرنے کا واضح تیقن دیا۔ چندرابابو نائیڈو کے ساتھ پنیت تلوار نے آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد کے حالات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دوران گفتگو چیف منسٹر آندھراپردیش نے وجئے واڑہ میں امریکی قونصلیٹ دفتر کا قیام عمل میں لائے جانے کیلئے درکار تمام سہولتیں فراہم کرنے کا تیقن دیا۔ مسٹر چندرابابو نائیڈو سے ملاقات کرنے والا امریکی وفد مسٹر تلوار کے علاوہ نائب مددگار معتمد خارجہ برائے جنوبی ایشیاء اتل کیشپ، نائب مددگار معتمد خارجہ برائے سیاسی و فوجی اُمور بیورو کینتھ بی ہینڈل مین اور قونصل جنرل مائیکل مولنس پر مشتمل تھا۔ چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ سنگاپور کے وزیر ثانی (صنعت و تجارت) ایس ایسورن اس ماہ آندھراپردیش کا دورہ کریں گے اور آئندہ دو تین ماہ کے دوران ریاستی دارالحکومت کی تعمیر کے کاموں کا آغاز ہوجائے گا۔