بینک عہدیداروںکو بھی ماخوذ کیا جاسکتا ہے ۔ تحقیقات کا ابتدائی مرحلہ تقریبا مکمل
نئی دہلی 16 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) شراب کے تاجر وجئے مالیا کی کنگ فشر ائر لائین کو قرضہ جات کے معاملات سے تعلق رکھنے والے کئی سینئر بینک عہدیداروں کو امکان ہے کہ سی بی آئی کی چارچ شیٹ میں ماخوذ کیا جائیگا جو اندرون ایک ماہ پیش کی جاسکتی ہے ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ کنگ فشر ائر لاین کو 17 بینکوں کی جانب سے تقریبا 6000 کروڑ روپئے کے قرضہ جات کی اجرائی کے معاملہ میں یہ پہلی چارچ شیٹ ہوگی ۔ سب سے زیادہ قرض اسٹیٹ بینک آف انڈیا نے دیا تھا جو 1600 کروڑ کا تھا ۔ سی بی آئی نے پہلے ہی ایک چارچ شیٹ وجئے مالیا کے خلاف گذشتہ سال ایک علیحدہ مقدمہ میں دائر کی ہے جو 900 کروڑ روپئے کے قرض سے متعلق ہے جو آئی ڈی بی آئی کی جانب سے جاری کیا گیا تھا ۔ اس معاملہ میں بھی کچھ سینئر عہدیدار ملوث بتائے گئے ہیں۔ سی بی آئی نے وجئے مالیا کے خلاف آئی ڈی بی آئی قرض کے معاملہ میں اور پھر مختلف بینکوں کی جانب سے دئے گئے قرضہ معاملہ میں دو مقدمات درج کئے تھے ۔ ایک مقدمہ 2015 میں اور دوسرا 2016 میں درج کیا گیا تھا ۔ ذرائع نے ان عہدیداروں کے نام نہیں بتائے جن کو چارچ شیٹ میں ماخوذ کیا جاسکتا ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ مختلف بینکوں کی جانب سے قرضہ جات کی اجرائی کے معاملہ میں تحقیقات کا پہلا مرحلہ تقریبا مکمل ہوگیا ہے اور چارچ شیٹ ایک مہینے کے اندر اندر پیش کی جاسکتی ہے ۔ مزید تحقیقات کا امکان بھی برقرار رکھا جائیگا ۔ کہا گیا ہے کہ بینکوں کے برسر کار اور سبکدوش دونوں ہی عہدیداروں کو چارچ شیٹ میں ماخوذ کیا جاسکتا ہے اور ملزم بنایا جاسکتا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ تحقیقاتی ایجنسی نے ان عہدیداروں کے خلاف کافی ثبوت جمع کرلئے ہیں جنہوں نے اپنے سرکاری عہدہ کا بیجا استعمال کیا تھا ۔ کہا گیا ہے کہ چارچ شیٹ میں کنگ فشر ائر لائین کے اعلی حکام بشمول وجئے مالیا ‘ اس کے سی ای او اے رگھوناتھن اور دوسرے سابق سینئر ایگزیکیٹیوز کو بحیثیت ملزم ماخوذ کیا جائیگا ۔