وبائی مرض ایبولا کے تعلق سے تمام ایرلائنز کو ہدایات

نئی دہلی 12 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) وبائی مرض ایبولا سے متاثرہ ممالک سے مختلف مسافرین کی آمد کے پیش نظر تمام ایرپورٹس پر چوکسی اختیار کرلی گئی ہے اور حکومت نے آج ایرلائنز کو یہ ہدایت دی ہیکہ احتیاطی اقدامات اختیار کریں اور اِس وائرس سے متاثرہ مسافرین کو الگ تھلگ رکھنے میں مدد کریں۔ ڈائرکٹوریٹ جنرل آف سیول ایویشن نے تمام ایرلائنز کو خصوصی ہدایات جاری کیں اور ایبولا وائرس سے احتیاط کرتے ہوئے ہندوستان کو اِس سے بچانے پر زور دیا۔ اِس دوران ہندوستانی ہائی کمیشن واقع نائجیریا اُن 4 ہندوستانی ڈاکٹرس سے ربط قائم رکھے ہوئے ہے جن کے بارے میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اُن کی مرضی کے خلاف اُنھیں ایبولا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج کیلئے مجبور کیا گیا۔ ڈاکٹرس کا یہ دعویٰ ہے کہ اُن کے پاسپورٹس حاصل کرلئے گئے ہیں اور اُنھیں دھمکی دی جارہی ہے کہ وہ نائجیریا میں ہی قیام کریں۔ دوسری طرف نائجیریا کے دارالحکومت ابوجہ میں واقع پرائمس ہاسپٹل نے اِس کی تردید کی۔ اِن ڈاکٹرس نے حکومت ہند سے اپیل کی ہے کہ ملک واپسی میں اُن کی مدد کرے۔ وزارت خارجہ کے ذرائع نے بتایا کہ ہندوستانی ہائی کمشنر اِن ڈاکٹرس سے ربط رکھے ہوئے ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہاسپٹل اور ڈاکٹرس دونوں باہمی طور پر اِس مسئلہ کو حل کرنے سے اتفاق کیا ہے۔اُن کاکہنا ہے کہ ہاسپٹل کا یہ موقف بھی درست ہے کہ ابوجہ میں ایبولا کے کوئی واقعات دیکھنے میں نہیں آئے۔