وبائی امراض سے بچنے ہومیوپیتھی ادویات معاون ثابت

مرض کے شکار پر فوری توجہ دی جائے، مریضوں کے قوت مدافعت میں کمی سے اعضاء متاثر ہوسکتے ہیں

حیدرآباد۔24اگسٹ(سیاست نیوز) موسمی بیماریوں کی بنیادی وجہ جسم میں قوت مدافعت کی کمی ہوتی ہے اسی لئے جسم میں قوت مدافعت کو بہتر بناتے ہوئے موسمی تبدیلیوں کے سبب ہونے والے وبائی امراض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے ۔ عام طور پر موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی وبائی امراض پھیلنے شروع ہوجاتے ہیں اور ان وبائی امراض سے اگر گھر کا کوئی ایک فرد متاثر ہوتا ہے تو ایسی صورت میں گھر کے دیگر افراد کو بھی مرض متاثر کرتا ہے جن کی قوت مدافعت کم ہوتی ہے۔ قوت مدافعت کو مستحکم اور بہتر بنانے کے لئے وبائی امراض پھیلنے سے قبل ہی احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئے تاکہ کوئی بھی وبائی مرض انسانی جسم کو متاثر نہ کرے کیونکہ انسانی جسم کے متاثر ہونے سے نہ صرف کمزوری پیداہوتی ہے بلکہ بسا اوقات یہ وبائی امراض سنگین صورتحال بھی اختیار کر لیتے ہیں ۔ ہومیوپیتھ طرز علاج میں انسان کی قوت مدافعت کو بہتر بنانے کے علاوہ ان وبائی امراض سے محفوظ رہنے کی ادویات موجود ہیں جن کے استعمال کے ذریعہ وبائی امراض سے محفوظ رہا جا سکتا ہے ۔ ماہرین طب کا کہناہے کہ مسلسل ناک بہنا‘ بخار‘ سر میں شدید درد‘ زکام اور اعضاء شکنی جیسی شکایات دراصل موسمی وبائی امراض کی علامتیں ہیں جن سے بچنے کے لئے قبل از وقت احتیاطی طور پر قوت مدافعت میں اضافہ کرنے والی ہومیوپیتھی ادویات کا استعمال کیا جاسکتا ہے اور ان ادوایات کے کوئی مضر اثرات نہیں ہوتے بلکہ یہ ادویات انسانی جسم میں جو قوت مدافعت کی کمزوری پیدا ہوتی اس کمزوری کو دور کرنے میں بے انتہائی معاون ثابت ہوتی ہیں جبکہ عام طور پر ان علامات کے ظاہر ہونے کے بعد ہی علاج کی جانب مریض متوجہ ہوتے ہیں ۔وبائی امراض کی علامات کے ظاہر ہونے کے بعد علاج شروع کرنے سے بہتر ہے کہ قوت مدافعت کے نظام کو بہتر اور مستحکم بنانے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ وبائی امراض اثر نہ کرسکیں۔ وبائی امراض اثر انداز ہونے کی صورت میں اگر قوت مدافعت میں زیادہ کمزوری ہوتی ہے تو ایسی صورت میں یہ معمولی سمجھے جانے والی وبائی امراض جسم کے اندر دیگر اعضاء کو متاثر کرنے کا سبب بننے لگتے ہیں جس کی وجہ سے معمولی بخار ‘ کھانسی اور زکام سمجھے جانے والے امراض دیگر بیماریوں کا سبب بننے لگتے ہیں اسی لئے بیماریوں سے بچنے کیلئے انسانی جسم میں موجود نظام قوت مدافعت کو بہتر بنانا لازمی ہے جو کہ معمولی بیماریوں کا شکار ہونے سے بھی انسان کو محفوظ رکھتا ہے ۔ ہومیوپیتھی طریقۂ علاج میں ایسی ادویات موجود ہیں جو کہ ہر عمر کے افراد کے لئے قابل استعمال ہوتی ہیں اور ان کے نظام قوت مدافعت کو بہتر بناتی ہیں۔