نئی دہلی 20 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) واٹس ایپ نے الیکشن کمیشن (ای سی) کو مطلع کیا ہے کہ وہ چناؤ سے قبل اپنے مسیجنگ پلیٹ فارم کے بیجا استعمال کو روکنے کے لئے مختلف اقدامات کرے گا۔ اور ہندوستان میں فرضی خبروں کی تصدیق والا ماڈل متعارف کرائے گا جو دیگر مارکٹس میں استعمال کیا جاچکا ہے۔ واٹس ایپ کے گلوبل ایکزیکٹیوز پہلے ہی ہندوستان پہونچ چکے ہیں اور اس پلیٹ فارم کو درپیش مختلف مسائل پر پالیسی سازوں کے ساتھ تبادلہ خیال کررہے ہیں۔ نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے سوال پر واٹس ایپ ترجمان نے ای میل کے ذریعہ جواب میں بتایا ہے کہ واٹس ایپ نے حال ہی میں ہندوستان کے الیکشن کمیشن اور سیاسی تنظیموں کے ساتھ تبادلہ خیال کیاکہ واٹس ایپ کے استعمال کے ساتھ ساتھ الیکشن والے سال سے قبل اِس کے بیجا استعمال کو روکنے کے لئے کیا اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہاکہ واٹس ایپ پرسنل اور چھوٹے گروپ میں بات چیت اور اظہار خیال کے لئے بنایا گیا اور اِس نے ہمیشہ ضروری احتیاطی اقدامات کئے ہیں اور کسی بھی قسم سے ہمارے سسٹم کو غلط استعمال کرنے کی کوشش والے اکاؤنٹس کو بند کردیا ہے۔