واٹر گرڈ پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل پر زور

ہر گھر کو صاف پانی کی سربراہی ‘ چیف منسٹر کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔20اپریل ( این ایس ایس ) چیف منسٹر کلواکنٹلہ چندر شیکھر راؤ نے واٹر گرڈ کے کام الاٹ کرنے کے ضمن میں عہدیداروں کو اندرون دو ہفتے ٹنڈروں کی اجرائی کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ کے سی آر نے سکریٹریٹ میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کہا کہ فلورائیڈ سے متاثرہ ضلع نلگنڈہ اور خشک سالی سے متاثرہ محبوب نگر کو واٹر گرڈ کے ذریعہ سب سے پہلے پینے کا صاف پانی حاصل ہوگا ۔ کامیابی کی صورت میں اس اسکیم کو دیگر اضلاع تک وسعت دی جائے گی ۔ انہوں نے کاموں کو تیز رفتار اور شفاف بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ کے سی آر نے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ اس پراجکٹ کی وسیع تر تشہیر کی جائے تاکہ ٹنڈر کے عمل میں حکومتی سطح کے اداروں کی شمولیت کو یقینی بنایا جاسکے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 26 کے منجملہ 17ٹنڈر پیکیجس کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے ‘ مابقی پیکیجس کی اندرون 15یوم تکمیل کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس فلیگ شپ پروگرام کو مرکز کی امداد حاصل ہے ‘ نیز نبارڈ اور حڈکو نے 13,000 کروڑ روپئے کی پیشکش کی ہے ‘ 7000کروڑ روپئے کا حصول متوقع ہے ۔ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ واٹر گرڈ پراجکٹ کی تکمیل کے بعد تلنگانہ کے ہر گھر کو پینے کیلئے صاف پانی حاصل ہوگا ۔ چنانچہ اس کی عاجلانہ تکمیل کی کوششوں میں عہدیداروں کی سرگرم شمولیت اور عوام سے بھرپور تعاون و اشتراک کی ضرورت ہے ۔