واٹر گرڈ پراجکٹ میں بے قاعدگیاں

کے سی آر اور فرزند پر عوامی دولت لوٹنے کا الزام: اتم کمار ریڈی
حیدرآباد /9 جون (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے واٹر گرڈ پراجکٹ میں بڑے پیمانے پر بدعنوانیوں اور ارکان اسمبلی کو خریدنے کا چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ پر الزام عائد کیا۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے واٹر گرڈ کے صدر نشین کے سی آر اور ان کے فرزند ریاستی وزیر و نائب صدر نشین دونوں باپ بیٹوں پر بڑے پیمانے پر عوامی دولت کو لوٹنے اور اس رقم سے کانگریس اور دیگر جماعتوں کے ارکان اسمبلی کو خریدنے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں ٹی آر ایس قائدین آندھرا کے کنٹراکٹرس پر تلنگانہ کے وسائل اور دولت لوٹنے کا الزام عائد کرتے تھے، لیکن تلنگانہ ریاست کی تشکیل اور اقتدار حاصل ہونے کے بعد واٹر گرڈ پراجکٹ کے کنٹراکٹ آندھرائی کنٹراکٹرس کے حوالے کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں اپنے حامی کنٹراکٹرس کو فائدہ پہنچانے کے لئے پہلے سے طے شدہ 14 پیکیجس سے دست برداری اختیار کرتے ہوئے اسے 6 پیکیجس تک محدود کردیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ اس پراجکٹ پر 1787 کروڑ روپئے خرچ کئے جا رہے ہیں، جب کہ ایک ہی کمرے میں بیٹھ کر ٹینڈرس وصول کئے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کے سی آر نے قبل ازیں واٹر گرڈ پر 20 ہزار کروڑ روپئے کے مصارف کا اعلان کیا تھا، بعد ازاں اس کی قیمت بڑھاکر 40 ہزار کروڑ روپئے کردی گئی۔ انھوں نے چیف منسٹر کو زبان قابو میں رکھنے کا انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم بھی اینٹ کا جواب پتھر سے دے سکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے اپنے انتخابی منشور میں دلتوں کو فی خاندان 3 ایکڑ اراضی اور غریب عوام کو دو بیڈ روم کا فلیٹ دینے کا وعدہ کیا تھا، تاہم اقتدار کے ایک سال مکمل ہونے کے باوجود اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے سے قاصر رہی۔