واٹر گرڈ پراجکٹ دیگر ریاستوں کیلئے قابل تقلید کے سی آر کی اسکیم پر مرکز کی ستائش، مکمل تعاون کی پیشکش

حیدرآباد 21 اپریل (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ہر گھر کے لئے محفوظ پینے کا پانی فراہم کرنے کے مقصد سے ریاستی حکومت کے روبہ عمل لائے جانے والے انتہائی اہمیت کا حامل واٹر گرڈ پروگرام کی مرکزی حکومت نے زبردست ستائش کی ہے اور مرکزی حکومت نے ریاست تلنگانہ حکومت کی جانب سے مرتب کی جانے والی پینے کے پانی کی اسکیم کا دیگر ریاستوں کو بھی مشاہدہ کرنے کی خواہش کی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ مرکزی حکومت کی خواہش کے مطابق تلنگانہ ریاستی حکومت نے آر ڈبلیو ایس عہدیداروں کو واٹر گرڈ پروگرام کی مکمل تفصیلات کے ساتھ دیگر ریاستوں کو روانہ کئے گئے چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ حالیہ دنوں میں قومی رورل واٹر سپلائی اسکیم کے سالانہ منصوبہ جات سے متعلق منعقدہ پروگرام میں تلنگانہ ڈرنکنگ واٹر اسکیم پر زبردست مباحث ہوئے اور اس سے متعلق مرکزی حکومت نے ایک نوٹ تیار کیا ہے اور اس نوٹ کو مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں کو روانہ کیا ہے۔ اس نوٹ میں بتایا گیا کہ تلنگانہ ریاستی حکومت نے ڈرنکنگ واٹر کارپوریشن قائم کیا ہے اور ریاستی بجٹ میں بھی اس مقصد کے لئے دو ہزار کروڑ روپئے مختص کئے گئے اور مختلف مالیاتی اداروں سے مالی تعاون حاصل کیا جارہا ہے۔