والدین کو اپنی اولاد پر سخت نظر رکھنے کا مشورہ

انسداد جرائم پر شعور بیداری ریالی ، مختلف شخصیتوں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ اور آندھرا اور ملک کے دیگر مقامات پر ان دنوں لڑکیوں ، ننھے بچوں کے ساتھ ظلم اور نازیبا رویہ کے واقعات میں اضافہ کے پیش نظر لڑکیوں ، خواتین اور عوام میں شعور بیداری کی مہم کی افتتاحی تقریب آج شہر کے تاریخی چارمینار میں منعقد ہوئی ۔ جس میں شہر کے مختلف اسکولس اور تنظیموں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ خصوصیت کے ساتھ ویمن چائیلڈ ایجنسی ، شاہین ویمنس ریسورس اینڈ ویلفیر اسوسی ایشن ، رین بو ہومس کے علاوہ حکومت کے عہدیدار ڈپٹی مڈیکل ہیلتھ آفیسر اور دوسرے ادارہ جات نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ان تنظیموں نے چارمینار تا چار کمان ریالی نکالی ۔ جس میں اسکولس و کالجس کے طلباء وطالبات اور سماجی تنظیموں کے ذمہ دار و اراکین اپنے ہاتھوں میں بیانرس اور پلے کارڈس کے ساتھ شرکت کئے ۔ 24 جنوری تا 14 فروری تک اس مہم کا آغاز تلنگانہ اور آندھرا کے مختلف شہروں ، دیہاتوں اور منڈلس میں جاری رہے گا ۔ ریالی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی میڈیکل ہیلت آفیسر محترمہ پدمجا نے کہا کہ خواتین وطالبات اور لڑکیوں پر ظلم و زیادتی اور ہراسانی کا معاملہ اختیار کیا جارہا ہے ۔ اس پر حکومت کی کڑی نظر ہے اور ظالم اپنی طاقت کے ذریعہ خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ کھلواڑ کررہے ہیں جنہیں فوری کچل دیا جائے گا ۔ جناب محمد امتیاز رحیم ڈپٹی چائیلڈ پروٹکشن ، محترمہ جمیلہ نشاط صدر شاہین ویمنس ریسورس اینڈ ویلفیر اسوسی ایشن ، کے انورادھا ایگزیکٹیو ڈائرکٹر رین بو ہومس ، ڈاکٹر وی رکمنی راؤ پروگرام ڈائرکٹر ، انجلیو مدھو ، انورادھا اور دوسروں کو اس موقع پر خواتین و طالبات میں شعور بیدار و کونسلنگ کرتے ہوئے دیکھے گئے ۔ اس موقع پر بچوں میں جنسی ہراسانی ، ظلم و زیادتی کی روک تھام اور دوسرے معلومات بہم پہنچانے کے لیے سی ڈی کی رسم رونمائی انجام دی گئی اور اس موقع پر دستخطی مہم کا بھی آغاز کیا گیا ۔۔