والدین کم عمر بچوں کو گاڑیاں نہ دیں

نیشنل روڈ سیفٹی ویک کا افتتاح ۔ وزیر ٹرانسپورٹ کا خطاب
حیدرآباد 22 جنوری ( این ایس ایس ) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی نے آج والدین کو تجویز کیا کہ وہ سڑک حادثات سے بچنے کیلئے کم عمر بچوں کو ٹو وہیلر گاڑیاں نہ دیں۔ کے بی آر پارک پر 28 ویں نیشنل روڈ سیفٹی ویک کی تقاریب کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ عوام میں شعور بیدار کرتے ہوئے ہلاکت خیز سڑک حادثات سے بچا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر والدین اپنے کم عمر بچوں کو بائیکس یا ٹو وہیلر گاڑیاں دینے سے باز نہ آئیں تو ان کو سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑک حادثات کے مقامات اور قومی شاہراہوں پر سخت چوکسی برتی جا رہی ہے ۔ ہر کسی کو روڈ سیفٹی قواعد کی پابندی کرنی چاہئے اور اس بات کو یقینی بنانا سب کی سماجی ذمہ داری ہے کہ سڑک حادثات پیش نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے اقدامات کر رہی ہے کہ شاہراہوں پر شراب کی فروخت کو روکا جائے ۔ ہم کو اضافی احتیاط کے ذریعہ اپنی زندگیوں کا تحفظ کرنا چاہئے کیونکہ یہاں اکثر حادثات پیش آسکتے ہیں۔ مہیندر ریڈی نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں نے ایسے مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں حادثات پیش آنے کا احتمال زیادہ رہتا ہے ۔ انہوں نے ملک بھر میں ہر سال پیش آنے والے 1.5 لاکھ سڑک حادثات پر تشویش کا بھی اظہار کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں ہرسال سات ہزار سڑک حادثات پیش آتے ہیں۔ ان حادثات کی روک تھام کیلئے ضروری ہے کہ عوام میں اس تعلق سے شعور بیدار کرنے کی کوشش کی جائے ۔