واشنگٹن میں تمل۔امریکیوں کا جلی کٹو کی تائید میں احتجاجی مظاہرہ

واشنگٹن۔23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سینکڑوں تمل۔امریکی شہریوں نے گاندھی جی کے مجسمہ کے قریب جلی کٹو پر عائد امتناع برخاست کرنے کی تائید میں ایک احتجاجی ریالی کا اہتمام کیا۔ یاد رہے کہ پونگل کے موقع پر سانڈ کو قابو میں کرنے کا یہ کھیل تمل ثقافت کا حصہ تصور کیا جاتا ہے جس سے تمل باشندے بیحد محظوظ ہوتے ہیں۔ متعدد لوگوں نے ٹورفوک، ورجینیا میں واقع پیٹا کے ہیڈکوارٹرس کے روبرو بھی احتجاجی مظاہرے کئے جہاں انہوں نے (جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے) اپنے ہاتھوں میں بیانرس تھام رکھے تھے اور جلی کٹو کی تائید میں نعرے بازی کررہے تھے اور ساتھ ہی انہوں نے اینمل رائٹ (حقوق مویشیان) گروپ سے وابستہ افراد کے خلاف بھی نعرے بازی کی کیوں کہ انہوں نے جلی کٹو کو جانوروں کو ایذا پہنچانے کے مترادف قرار دیا تھا جبکہ جلی کٹو کی تائید کرنے والوں کا استدلال ہے کہ وہ بھی اپنے جانوروں سے محبت کرتے ہیں۔ انہیں پتہ ہے کہ جانوروں کے ساتھ کیسا سلوک کرنا چاہئے۔ پیٹا مخالف بابوونایکم نامی ایک شخص نے کہا کہ جلی کٹو ہماری ثقافت کا حصہ ہے اور یہ روایتی طورپر منعقد کیا جاتا ہے۔ واشنگٹن میں واقع ہندوستانی سفارت خانے کے باہر گاندھی جی کے مجسمہ کے قریب احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے بابو نے کہا کہ ہم نے ہندوستان میں جلی کٹو پر امتناع کا سامنا کرنے والوں کے ساتھ اظہار یگانگت کے طور پر یہ احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔