واشنگٹن میں امریکہ اور ترکی کے درمیان مذاکرات

انقرہ۔ 7 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ اور ترکی کے تعلقات میں پیدا ہوئی کشیدگی کو کم کرنے اور متنازعہ معاملات کے حل کے لئے امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں مذاکرات کا امکان ہے ۔ ترکی کا ایک وفد دو دن بعد واشنگٹن جاکر اس مذاکرات میں حصہ لے گا۔ٹیلی ویژن چینل سی این این ترک نے منگل کو سفارتی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ چینل نے کہا کہ امریکہ اور ترکی کئی معاملات پر پہلے ہی راضی ہوگئے ہیں ۔ چینل نے اگرچہ اس کی تفصیلی وضاحت نہیں کی۔ترکی میں امریکی پادری اینڈریو برنسن پر دہشت گردی کے الزام میں مقدمہ چلائے جانے اور شام کی پالیسی کو لے کر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کافی عرصے سے کشیدہ ہیںجس کے سبب ترک کرنسی لیرا بین الاقوامی مارکیٹ میں اپنی کمترین سطح پر پہنچ گئی ہے ۔